نئی بستی ٹھاٹھری میں زمین کھسکنے کی وجہ سے رہائشی مکانات منہدم

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 3rd Feb

ڈوڈہ،3 فروری : ضلع ڈوڈہ کے سب ڈویڑن ٹھاٹھری کی نئی بستی میں زمین کھسکنے کی وجہ سے لوگوں کے رہائشی مکانات گر رہے ہیں جبکہ ایک مسجد کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ پچھلے چار روز سے قصبہ ٹھاٹھری کی نئی بستی میں زمین کھسکنے کا سلسلہ شروع ہوا۔ پہلے چھ مکانات میں دراڑیں آئی تھیں لیکن اب پوری بستی میں مکان گرنے شروع ہو گئے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے چھ رہائشی مکانات کو ناقابل رہائش قرار دیا ہے۔ مقامی لوگوں نے شدید غم و غصّے کا اظہار کرتے ہوئے ہوئے کہا کہ پوری بستی میں مکان گرنے شروع ہو رہے ہیں۔ یہاں تک کہ مسجد بھی ٹوٹ کر بکھر رہی ہے لیکن انتظامیہ کی طرف سے کوئی اقدامات نہیں کئے جا رہے ہیں۔
اس حوالے سے ایس ڈی ایم ٹھاٹھری عطر امین زرگر نے بتایا کہ نئی بستی سے متصل پہاڑی کھسکنے سے رہائشی مکانوں میں دراڑیں آئی ہیں لیکن اب نقصان زیادہ ہو رہا ہے۔ مذکورہ جگہ سے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ ماہر انجنئیرز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ کر جانچ کر رہی ہیں۔ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لئے لوگوں کو وہاں جانے سے روک دیا گیا کے تاکہ کوئی جانی نقصان نہ ہو۔