انڈیا بنام آسٹریلیا پہلا ٹیسٹ: پہلادن انڈیا کے نام، جڈیجہ نے لیں5 وکٹیں ، کپتان روہت نے بنائی نصف سنچری

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 9th Feb

ناگپور ،9فروری:انڈیا اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کا پہلا دن ختم ہو گیا۔ ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے آئی آسٹریلیا کی ٹیم ہندوستانی گیند بازوں کے ہاتھوں 177 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اس کے بعد اپنی پہلی اننگز میں اتری ٹیم انڈیا نے 1 وکٹ کے نقصان پر 77 رن بنا کر دن کا اختتام کیا۔ اس میں کے ایل راہل نے 71 گیندوں میں 20 رنز کی اننگز کھیلی۔وہیںکپتان روہت شرما 56 اور آر اشون بنا کوئی رن بنا کر ناٹ آؤٹ لوٹے۔ وہیں بولنگ میں جڈیجہ نے 5 وکٹیں لیں۔ ٹیم نے پہلے بولنگ کرتے ہوئے کنگارو ٹیم کو 177 رنز پر آل آؤٹ کر دیا۔ اس میں ہندوستانی اسٹار اسپنر رویندرا جڈیجہ نے 22 اوورز میں 47 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے علاوہ آر اشون نے 15.5 اوور میں 42 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ نیز میچ کے پہلے دن کا آغاز محمد سراج اور محمد شامی نے 1-1 وکٹ لے کر شاندار آغاز کیا۔ اس کے بعد کپتان روہت شرما نے بیٹنگ میں 56* رنز کی اننگز کھیلی۔پہلے بیٹنگ کے لیے اترنے والی آسٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ انتہائی خراب رہی۔ ٹیم نے پہلی وکٹ دوسرے اوور میں عثمان خواجہ (1) کی صورت میں گنوائی۔ محمد سراج نے انہیں اپنا شکار بنایا۔ اس کے بعد اگلے ہی اوور میں محمد شامی نے ڈیوڈ وارنر (1)کی وکٹ اڑائے ۔تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے مارنس لابوشین نے کچھ دیر کے لیے برتری حاصل کی اور وہ بھی 49 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ انہیں جڈیجہ نے اپنا شکار بنایا اور اگلی ہی گیند پر انہوں نے میٹ رینشا (0) کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اس کے بعد اسٹیو اسمتھ (37) کو بھی جڈیجہ نے بولڈ کیا۔ اس طرح مہمان ٹیم نے 109 رنز پر پانچ وکٹیں گنوا دیں۔ اس کے بعد ایلکس کیری نے ذمہ داری اپنے کندھوں پر لے لی، لیکن اشون نے انہیں زیادہ دیر نہیں چلنے دیا اورانہیں بھی پویلین بھیج دیا۔ کیری نے ٹیم کی جانب سے 36 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد کپتان پیٹ کمنز (6) اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ اس کے بعد مرفی (0) اور ہینڈزکومب (31) جڈیجہ کا شکار بنے۔ جڈیجہ نے ان دونوں کو ایل بی ڈبلیو کیا۔