بی بی سی پر پابندی کے مطالبے والی عرضی کو سپریم کورٹ نے کیا خارج

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th Feb

نئی دہلی، 10 فروری :سپریم کورٹ نے برطانوی نشریات کارپوریشن (بی بی سی) پر ہندوستان میں مکمل پابندی لگانے کی درخواست کو خارج کر دیا۔ ہندو سینا کی جانب سے دائر عرضی کو خارج کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے سخت تبصرہ کیا اور کہا کہ ہمارا وقت ضائع نہ کریں۔ درخواست میں ہندوستان میں برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن کے کام پر پابندی لگانے اور بی بی سی پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔سپریم کورٹ نے کہا کہ درخواست میں مداخلت کی کوئی وجہ نظر نہیں آتی ہے اور یہ قابل سماعت نہیں ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ بی بی سی پر مکمل طور پر پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہے، اس درخواست پر بحث کیسے ہو سکتی ہے۔ہندو سینا نے اپنی درخواست میں کہا کہ بی بی سی کی ہندوستان کے اتحاد اور سالمیت کو توڑنے کی سازش کی این آئی اے سے تحقیقات کرائی جائے۔ درخواست گزار کی جانب سے وکیل پنکی آنند نے کہا کہ بی بی سی ملک کی شبیہ کو خراب کرنا چاہتا ہے، کبھی نربھی، کبھی کشمیر پر اور اب گجرات فسادات کے معاملے پر بھی دستاویزی فلمیں بنا کر ملک کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔