گری راج نے 14فروری کو’’یوم گائے کو گلے لگاؤ‘‘ جشن منانے کی حمایت کی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th Feb

نئی دہلی، 10 فروری :انیمل ہسبنڈری بورڈ آف انڈیا کی اڈوائزری میں 14فروری کے روزیوم ِ گائے کوگلے لگاؤ منانے کو کہاگیاہے جس پرمرکزی وزیرگریراج سنگھ نے کہاکہ ہر کوئی گایوں سے محبت کرتا ہے۔وزیر موصوف نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایک بہترین فیصلہ لیاگیاہے، گایوں کو گلے لگانا چاہئے۔ پرشوتم روپالا جی کی وزرات کے فیصلے کا میں خیر مقدم کرتاہوں۔ہم سب کو گائے سے محبت کرنا اور اس کو گلے لگانا چاہئے۔ مرکزی وزیر سادھو نرنجن جیوتی نے بھی فیصلہ کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ ایک گائے میں 33کروڑ دیوی دیوتارہتے ہیں۔ سادھو نرنجن نے کہاکہ گائے کو ہماری ماں تسلیم کیاجاتا ہے او راس کو ہمیں گلے لگانا چاہئے۔میں عزت مآب وزیر کی شکر گذارہوں۔ پیدائش سے موت تک گائے ہمیں دودھ دیتی ہے، ہم اس کا دودھ پیتے ہیں۔ جب ماں نو ماہ اپنے پیٹ میں رکھ کرجنم دیتی ہے تو پھر جب اس کو پوجاکرتے ہیں تو گاؤ ماتا کی کیوں نہیں؟۔گائے میں پوشیدہ فوائد اور ویدک روایت کو منانے کے مقصد سے انیمل ہسبنڈری ویلفیر بورڈآف انڈیانے لوگوں پر زوردیا کہ وہ یوم عاشقان کے طور پرمنائے جانے والے14فروری کے دن کو یومِ گائے کوگلے لگاؤ کے طور پر منائیں۔مذکورہ انیمل ویلفیر بورڈ نے ایک بیان میں جانکاری دی ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ گائے ہندوستانی ثقافت اور دیہی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے ہماری زندگیوں کو برقرار رکھتی ہے اور میویشیوں کی دولت اور حیاتیاتی تنوع کی نمائندگی کرتی ہے۔او راس کو کامدھینو او رگاؤ ماتا کے نام سے جانا جاتا ہے کیونکہ اس کی پرورش کرنے والی ما ں جیسی فطرت ہے جو انسانیت کو تمام دولت فراہم کرنے والی ہے۔ اعلامیہ جاری ہونے کے بعد اترپردیش حکومت کے ریاستی بورڈ نے بھی لوگوں پر 14فبروری کے روزیوم گائے کو گلے لگاؤ منانے کا زوردیاہے۔