Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th Feb
نئی دہلی،10فروری :خواتین کا T20 ورلڈ کپ آج (10 فروری) سے شروع ہو رہا ہے۔ جنوبی افریقہ میں کھیلے جانے والے اس ورلڈ کپ میں ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 12 فروری بروز اتوار پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ یہ میچ کیپ ٹاؤن کے نیو لینڈز اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق یہ میچ شام 6:30 بجے شروع ہوگا۔ دونوں روایتی حریف ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف ٹورنامنٹ کا آغاز کریں گی۔ہندوستانی اور پاکستان کے درمیان اعدادوشمار اور دونوں ٹیموں کی ممکنہ پلیئنگ الیون اس طرح ہوسکتی ہے۔ خواتین کی ہندوستانی ٹیم اور پاکستان کے درمیان اب تک کل 13 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلے جا چکے ہیں۔ اس میں ہندوستانی ٹیم نے 10 میچ جیتے ہیں۔ جبکہ پاکستانی ٹیم صرف تین میچ جیت سکی ہے ۔ ایسے میں اس میچ میں بھی ہندوستان کی جیت کے امکانات زیادہ دکھائی دے رہے ہیں۔نیو لینڈز کی پچ بلے بازوں کے لیے اچھی ہونے کی امید ہے۔ اس کے بعد بھی یہاں ہائی اسکورنگ میچ کی توقع نہیں کی جا سکتی ،کیونکہ جیسے جیسے کھیل آگے بڑھتا ہے پچ گیند بازوں کے لیے مددگار ثابت ہونے لگتی ہے۔ یہاں جیت کا فیصد بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم کے لیے بہتر ہے۔پاک -ہند میچ سے قبل خواتین کی ہندوستانی ٹیم کے لیے اسمرتی مندھانا کی صورت میں ایک بری خبر سامنے آئی ہے۔ مندھانا اس میچ میں انگلی کی چوٹ کی وجہ سے ٹیم سے باہر ہو سکتی ہیں، جبکہ مندھانا ٹیم انڈیا کی اہم کھلاڑی ہیں۔ اس صورتحال میں ان کے باہر ہونے سے ٹیم کی بیٹنگ میں کافی فرق پڑ سکتا ہے ۔دونوں ٹیموں کے ممکنہ پلیئنگ الیون اس طرح ہوسکتے ہیں۔ ہندوستان: ہرمن پریت کور (کپتان)، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، رادھا یادیو، یاستیکا بھاٹیہ، اسمرتی مندھانا، انجلی سروانی، جمائما روڈریگس، دیپتی شرما، شفالی ورما، اسنیہ رانا اور شیکھا پانڈے۔ (نوٹ کریں اسمرتی مندھانا کے بارے میں کچھ بھی واضح نہیں ہے۔)پاکستان : سدرہ امین، جویریہ خان، بسمہ معروف (کپتان)، منیبہ علی، ندا ڈار، عائشہ نسیم، صدف شمس، عالیہ ریاض، سدرہ نواز، ایمن انور اور نشرہ سندھو۔

