ہنڈن برگ رپورٹ: یوتھ کانگریس کا ’جے پی سی‘ کے قیام تک مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th Feb

نئی دہلی،10فروری : یوتھ کانگریس نے ہنڈن برگ رپورٹ کے معاملے پر جمعرات کو یہاں مظاہرہ کیا اور کہا کہ جب تک اس گھپلے پر مشترکہ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) نہیں بنتی، تنظیم کے کارکنوں کا احتجاج جاری رہے گا۔یوتھ کانگریس کے احتجاجی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے یوتھ کانگریس کے صدر سری نواس بی وی نے کہاکہ جب تک اڈانی گھپلے کی جے پی سی جانچ نہیں ہو جاتی، پارلیمنٹ سے لے کر سڑک تک جدوجہد جاری رہے گی۔پی ایم مودی نے اڈانی معاملے میں کچھ نہیں کہا کیوں؟ ایل آئی سی۔ایس بی آئی میں لگایا گیا عوام کا پیسہ اڈانی کو دیا گیا، انہیں اس کا جواب دینا پڑے گا۔احتجاجی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سرینواس نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے حکومت سے پارلیمنٹ میں اڈانی گروپ کے خلاف الزامات پر کچھ سوالات کے جواب دینے کو کہا ہے، لیکن وزیر اعظم اڈانی معاملے میں خاموش ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر اڈانی ان کے دوست نہیں ہیں تو مودی کو پارلیمنٹ میں کہنا چاہئے تھا کہ وہ اڈانی گروپ کی تحقیقات کرائیں گے، لیکن وہ خاموش ہیں، اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وزیر اعظم اڈانی کی حفاظت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اڈانی کے ساتھ مودی کی مہربانی کا نتیجہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔ عام لوگوں کی محنت کی کمائی ڈوب رہی ہے۔ کانگریس اس مشکل حالات میں عوام کے ساتھ کھڑی ہے لیکن مودی اس معاملے سے بھاگتے نظر آرہے ہیں۔ یوتھ کانگریس صدر نے کہا کہ جب تک اس گھپلے کی تحقیقات جے پی سی سے نہیں کرائی جاتی تب تک پارلیمنٹ سے سڑک تک جدوجہد جاری رہے گی۔