Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 17th Feb
سینٹ جانس،16 فروری (ہ س)۔ شائی ہوپ اور روومین پاویل کو بالترتیب ویسٹ انڈیز کے ون ڈے اور ٹی- 20 ٹیموں کا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ ہوپ اور پاویل نکولس پورن کی جگہ لیں گے، جنہوں نے گزشتہ سال ٹی-20 ورلڈ کپ سے ویسٹ انڈیز کے پہلے راؤنڈ میں باہر ہونے کے بعد محدود اووروں کے کپتان کے طور پر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ ہوپ اور پاویل جنوبی افریقہ کے خلاف 16 مارچ سے شروع ہونے والی آئندہ ون ڈے اور ٹی-20 سیریز میں ویسٹ انڈیز کی قیادت کریں گے۔ہوپ کو 2019 میں ویسٹ انڈیز کی ون ڈے ٹیم کا نائب کپتان نامزد کیا گیا تھا اور جون 2022 میں وہ نائب کپتان کے کردار میں واپس آگئے تھے۔ ٹاپ آرڈر بلے باز ہوپ نے 104 ون ڈے کھیلے ہیں جس میں 48.08 کی اوسط سے 4308 رنز بنائے ہیں۔ دریں اثنا، پاویل گزشتہ سال کیریبین پریمیئر لیگ جیتنے والے جمیکا تلاواہ کے کپتان تھے۔ انہوں نے نومبر میں جمیکا اسکارپینس کو سی جی یونائیٹڈ سپر 50 کپ کا خطاب بھی دلایا تھا۔ پاویل نے تین ون ڈے اور ایک ٹی-20 میں ویسٹ انڈیز کی قیادت بھی کی ہے۔کپتان مقرر کیے جانے پر ہوپ نے کہا، ’’کسی بھی ویسٹ انڈیز ٹیم کا کپتان مقرر ہونا ایک بہت بڑا اعزاز ہے۔ ایک ایسی ٹیم کی قیادت کرنا جو نہ صرف میرے اور میرے ساتھیوں کے لیے بلکہ دنیا بھر میں ہمارے مداحوں کے لیے اتنی ناقابل یقین اہمیت رکھتی ہے۔وہیںپاویل نے کہا، ’’ ویسٹ انڈیز کی قیادت کرنے کا یہ شاندار موقع دینے کے لئے میں واقعتاً مشکور ہوں۔ میرے لیے یہ اعتماد کا بہت بڑا ووٹ ہے اور میں اسے اپنے کیریئر کا سب سے بڑا اعزاز سمجھتا ہوں۔‘‘