گنگا اشنان کیلئے گئے میڈیکل کالج کے طلباء ڈوبے، 3 ہلاک ، 2 طلباء لاپتہ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 18th Feb

بدایوں ؍رام پور ، 18فروری :یوپی کے بدایوں کے کچلا گنگا گھاٹ پر ایم بی بی ایس کے پانچ طلبہ ، جو گنگا اشنان کرنے گئے تھے، پانی میں ڈوب گئے، جس میں 3 طلبہ کی ڈوبنے سے موت ہوگئی۔ وہیں دو طالب علم لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ سبھی مہاشیو راتری کی وجہ سے ہفتہ (18 فروری) کو گنگا گھاٹ پر نہانے آئے تھے۔ موقع پر موجود غوطہ خوروں کی ٹیم دریائے گنگا میں تلاشی مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔پولیس نے بتایا کہ تمام طلباء کا تعلق بدایون میڈیکل کالج کے 2019 بیچ سے تھا۔ انتظامیہ نے طلباء کے اہل خانہ کو آگاہ کر دیا ہے۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے محفوظ کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ یہ تمام طلبہ گہرے پانی میں چلے گئے تھے۔ جہاں وہ پانی کے تیز کرنٹ کے باعث بہہ گئے۔بتا دیں کہ طلبا کو پانی میں ڈوبتے دیکھ کر آس پاس کے لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی۔ لیکن جب تک غوطہ خور دریا میں اتر کر انہیں بچا پاتے، تب تک وہ ڈوب چکے تھے۔ پولیس وہاں موجود دیگر لوگوں سے پوچھ گچھ کر کے معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔خیال رہے کہ مہاشیوراتری کی وجہ سے لوگ گنگا اشنان کرنے جاتے ہیں، اسی لیے وہ طالب علم بھی یہاں اشنان کرنے آئے تھے۔اشنان کے دوران وہ گہرے پانی میں چلے گئے ، نتیجتاً پانی کے تیز کرنٹ کی وجہ سے وہ اپنا توازن قائم نہ رکھ سکے ، اورتیز پانی میں بہہ گئے۔