Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 19th Feb
پٹنہ ۔عظیم الشان معجزہ معراج رسول اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم ،عروج بنی آدم کی سب سے بڑی مثال ہے۔اس معجزہ نے تسخیر نجوم وافلاک کا جو پیغام دیا تھا وہ آج اظہر من الشمس ہے ۔آج شب معراج ہے۔سامعین جشن تحیۃ معراج سے خطاب دل پذیر کرتے ہوئے حضرت سید شاہ شمیم الدین احمد منعمی سجادہ نشیں خانقاہ منعمیہ میتن گھاٹ پٹنہ سیٹی نے فرمایا کہ قرآن کا نزول جس رات میں ہو، اور فرشتے اتریں تو وہ شب قدر ہو جائے اور خود نبی اکرم صلی اللہ علیہ والہ وسلم جس رات ارض سے سماوات کا سفر کر کے حضور باری تعالیٰ میں نیاز حاصل کریں اور پھر امت کی معراج ومغفرت اور فضیلت کی سند لے کر امّت کے پاس پلٹ آئیں،تو اس رات کی فضیلت کا کیا عالم ہوگا۔یہی وجہ ہے کہ اہل دل اوراہل نظراس رات کی قدرو منزلت کو نہ صرف محسوس کرتے ہیں بلکہ مشاہدہ فرماتے ہیں۔شاید یہ معراج کی ہی غیرمعمولی عظمت ہے جس نے قبل از وقوع ہی اس ماہ رجب کو حرمت والا مہینہ بنا دیا ہے۔انہوں نے مزید فرمایا کہ معراج ،نماز کی سالگرہ بھی ہے۔معراج سورہ بقرہ کے بلاواسطہ نزول کا متبرک موقعہ بھی ہے۔معراج کی رات مسلمانوں کے احتساب کی رات بھی ہے کہ ہم روحانی وجسمانی کی بحث میں ملوث ہو کر اپنی زمین کو تنگ کرنے میں مشغول ہیں اور دوسرے معراج سے سبق لے کر آسمان پرہرروز ایک نئی کمند ڈال رہے ہیں۔
جلسہ کا آغاز خانقاہ منعمیہ کے تاریخی وسیع ہال میں حافظ فرحان کی تلاوت سے ہوااور جامعہ منعمیہ کے دوسرے طلباء نے نظم و نثر میں معراج کے موضوع پر اپنی تیاریاں پیش کر کے سامعین کو محظوظ فرمایا۔ جامعہ منعمیہ کے دارالافتاء کے مفتی مولانا محب اللہ مصباحی صاحب نے سامعین کو معراج کے فلسفہ اور برکت سے بخوبی روشناس کرایا۔ رجبی کے موقعہ پر فاتحہ ودرودوسلام ودعا پر اس جلسہ کا اختتام ہوا۔جامعہ منعمیہ کے طلباء نے اس موقعہ پر نعتوں کے گلدستے پیش کئے۔