پونٹنگ کے منھ سے تعریف سننا اعزاز ، اس سے حوصلہ ملے گا: بابر اعظم

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th Feb

کراچی ، 20فروری : پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ سے اپنی تعریف سننا اعزاز کی بات ہے۔بابر اعظم نے آئی سی سی ڈیجیٹل کے ساتھ گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ رکی پونٹنگ نے میرے بارے میں جو کہا وہ میرے لیے ایک اچھا احساس ہے، ان سے اپنی تعریف سن کر میرے اعتماد میں مزید اضافہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ جب لیجنڈری کھلاڑی تعریف کرتا ہے تو آپ مزید بہتر ہونے کی کوشش کرتے ہیں، آپ کا اعتماد بڑھتا ہے اور آپ کے ذہن میں رہتا ہے کہ کوئی بڑا کھلاڑی آپ کے بارے میں بات کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ سب کھلاڑی اس مقام سے گزرے ہوتے ہیں ،انہیں علم ہے کہ ابھی میرا مائنڈ سیٹ کیا ہے اور میں ان کی باتوں کو مثبت انداز میں لوں گا اور اپنی بہترین کارکردگی دِکھانے کی کوشش کروں گا۔بابر اعظم کا کہنا ہے کہ میرا دھیان ہمیشہ اس چیز پر ہوتا ہے کہ میری ٹیم کے تمام کھلاڑی اپنی بہترین کارکردگی دِکھائیں۔انہوں نے کہا کہ میری کپتانی کا انداز یہ ہے کہ اپنے فیصلوں کے ساتھ دیانتدار رہوں اور ایسی ٹیم کے ساتھ کھیلوں جو پاکستان کے لیے اچھی ہو۔ بابر اعظم نے مزید کہا کہ جب آپ میدان میں ہوں تو اپنے کھلاڑیوں کو اعتماد دیں آپ جتنا اعتماد دیں گے اتنے اچھے نتائج ملیں گے۔واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے آئی سی سی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کی تعریف کی تھی۔پونٹنگ نے کہا تھا کہ بابر اعظم اپنے کرکٹ کیریئر میں ابھی مزید کئی ریکارڈز توڑ سکتے ہیں، وہ بطور بلے باز اور کپتان مجھ سے کئی گنا آگے ہیں۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ بابر اعظم کو کھیلتا دیکھنا مجھے اچھا لگتاہے لیکن انہیں مزید تھوڑی سی اور بہتری کی ضرورت ہے اور آنے والے دنوں میں بابر اعظم پاکستان کرکٹ ٹیم کے کامیاب ترین کپتان بن سکتے ہیں۔