حکومت تمام مسائل پر گفتگو کے لیے تیار ہے: یوگی آدتیہ ناتھ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th Feb

لکھنؤ، 20 فروری: اتر پردیش قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں شرکت سے قبل ودھان سبھا میں نامہ نگاروں سے گفتگو میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ حکومت تمام مسائل پر بات چیت کے لیے تیار ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اتر پردیش مقننہ کا اجلاس آج سے شروع ہونے والا ہے۔ یہ سیشن 20 فروری سے 10 مارچ تک جاری رہے گا۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے بتایا کہ 22 فروری کو اتر پردیش کے 25 کروڑ عوام کے لیے بجٹ پیش کیا جائے گا۔ اس کے بعد تقریر اور بجٹ پر دونوں ایوانوں میں بحث کے بعد اسے پاس کیا جائے گا۔ اراکین اسمبلی کو اپنے علاقے سے متعلق مختلف مسائل کو ایوان میں رکھنے کا موقع ملے گا۔یوگی نے کہا کہ جمہوریت میں حکمراں پارٹی اور اپوزیشن دونوں کو مل کر عوام کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داری کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہئیں۔ کسی موضوع پر اختلاف ہو سکتا ہے لیکن حکمراں جماعت اس پر بات کرنے سے بھاگ نہیں سکتی۔