Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 21st Feb
کراچی، 21 فروری :بھارت میں پاکستان کے سابق تیز گیند باز شعیب اختر کے مداحوں کی بڑی تعداد ہے۔ پاکستان کے پنجاب کے علاقے میں اپنے آبائی شہر راولپنڈی کے نام پر “راولپنڈی ایکسپریس” کے نام سے مشہور شعیب اختر وہیں پیدا ہوئے اور کرکٹ میں بہت کچھ حاصل کیا۔ پھر بھی، کچھ دوسرے کھلاڑیوں کی طرح، وہ بھی فلموں میں اداکاری کی خواہش رکھتے تھے۔
اخبار ایکسپریس ٹریبیون سے بات چیت میں اختر نے انکشاف کیا کہ انہیں بالی ووڈ ہدایت کار مہیش بھٹ کی کرائم ڈرامہ فلم گینگسٹر (2005) میں اہم کردار کی پیشکش کی گئی تھی۔اختر نے انکشاف کیا کہ ہدایت کار مہیش بھٹ 2005 میں گینگسٹر کے اسکرپٹ کے ساتھ پاکستان آئے اور انہیں فلم کی پیشکش کی، لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔
اختر نے کہا،’’میرے خیال میں یہ سب 2005 میں شروع ہوا جب مشہور پاکستانی اداکارہ میرا نے مجھے بتایا کہ ہندی فلموں کے مشہور ڈائریکٹر مہیش بھٹ مجھ سے ملنا چاہتے ہیں۔ میں کراچی میں ایک کرکٹ کیمپ میں شریک تھا اور وہ فلم کی اسکرپٹ لے کر آئے۔ مہیش چاہتے تھے کہ میں ان کی فلم گینگسٹر میں ایک کردار ادا کروں۔ یہ ایک بہترین اسکرپٹ تھی اور میں نے ہمیشہ فلموں سے لطف لیا ہے، لیکن میں نے کچھ وجوہات کی بنا پر اس کردار کو قبول نہیں کیا‘‘۔
فلم کی پیشکش ٹھکرانے کی وجہ بتاتے ہوئے اختر نے کہا،’’پی سی بی میرے پیچھے تھی اور مجھ پر پابندی عائد کرنے کی دھمکیاں دے رہی تھی۔ دوسری بات، میرے اردگردکے تمام لوگ میرے فلم کرنے کے خلاف تھے۔ مجھے صلاح دی گئی کہ اگر آپ کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں ، تو ایسا مت کرو، دو پیشوں کو سنبھالنا ممکن نہیں ہے۔ میں نہیں چاہتا تھا کہ لوگ یہ سوچیں کہ میں ایک غیر سنجیدہ کرکٹر ہوں اور محسن خان کی طرح فلم بھی کر رہا ہوں‘‘۔
انہوں نے کہا کہ بالی ووڈ اور برطانیہ میں بھی فلم سازوں کی جانب سے پیشکشیں آ رتی ہی ہیں لیکن کرکٹ انکاپہلا پیار تھا۔
اختر نے کہا،’’مجھے ان پیشکشوں کو ٹھکرانے پر اب بھی کوئی افسوس نہیں ہے‘‘۔
اختر نے پاکستان کے لیے 163 ون ڈے، 14 ٹی۔20 اور 46 ٹیسٹ کھیلے ہیں۔ ان کی ٹیسٹ کرکٹ میں 178 وکٹیں، ون ڈے میں 247 اور ٹی۔20 میں 21 وکٹیں ہیں۔ وہ 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرنے والے پہلے گیند باز ہیں۔

