انڈیا بنام آسٹریلیا : پہلے شکست، اب اچانک کھلاڑیوں کی گھرواپسی، آسٹریلیا کی مشکلات میں اضافہ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 22nd Feb

نئی دہلی ،22فروری :اس وقت جب موجودہ عالمی نمبر 1 ٹیسٹ رینکنگ ٹیم آسٹریلیا انڈیا کے لیے اڑان بھری تھی، اس وقت انھوں نے یہ نہیں سوچا تھا کہ ان کے آدھے سے زیادہ کھلاڑی دورے کے بیچ میں ہی ملک واپس لوٹ جائیں گے۔ پہلے 2 ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کو انتہائی شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کنگارو ٹیم کے بلے باز اسپن باؤلنگ اٹیک کے سامنے پوری طرح جدوجہد کرتے نظر آئے۔دہلی ٹیسٹ میچ بھی 3 دن میں ختم ہونے کے بعد آسٹریلوی ٹیم کو تیسرے ٹیسٹ میچ سے قبل اپنی غلطیوں پر کام کرنے کا بہترین موقع مل گیا۔ اس سے پہلے جہاں ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز وطن واپس پہنچے وہیں ڈیوڈ وارنر بھی دوسرے ٹیسٹ میچ میں چوٹ لگنے کی وجہ سے اس پورے دورے سے باہر ہو گئے ۔اس کے علاوہ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ، جن کی فٹنس ٹیسٹ سیریز سے قبل ٹیم کو امید تھی، وہ بھی اس پوری سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیم انتظامیہ نے بائیں ہاتھ کے اسپن بولر ایشٹن ایگر کو دورے کے وسط سے ہی ملک واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے ،تاکہ وہ وہاں ڈومیسٹک میچ کھیل سکیں۔جس وقت دورۂ ہند کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان کیا گیا، اس وقت بائیں ہاتھ کے اسپن بولر میتھیو کوہنی مین کا نام شامل نہیں تھا۔ مچل سویپسن جب پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد وطن واپس آئے تو انہیں اچانک ٹیم میں شامل کر لیا گیا اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں انہوں نے براہ راست ڈیبیو کیا۔ اس دورے پر اب تک آسٹریلوی ٹیم کی حکمت عملی سب کی سمجھ سے بالاتر ہے۔ تاہم ٹیم کے لیے اب تک کی اچھی خبر یہ ہے کہ مچل اسٹارک اور کیمرون گرین کو آخری 2 ٹیسٹ میچوں کے لیے مکمل طور پر فٹ قرار دے دیا گیا تھا۔ اس کے باوجود یہ نہیں کہا جا سکتا کہ پلیئنگ الیون میں شامل ہونے کے بعد یہ کھلاڑی اپنی کارکردگی ٹیم میںکس قدر اپنی شراکت ادا کریں گے۔ جہاں مچل سٹارک کو انڈیا میں اب تک صرف 4 ٹیسٹ میچ کھیلنے کا تجربہ ہے جس میں وہ 50.14 کی اوسط سے صرف 7 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ وہیں کیمرون گرین پہلی بار بھارت میں ٹیسٹ میچ کھیل سکتے ہیں۔