Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 22nd Feb
نئی دہلی، 22 فروری : دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) میں میئر کے انتخاب کے بعد ڈپٹی میئر کا بھی انتخاب ہوگیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کے ‘عآپ’ کے امیدوار آل محمد اقبال ڈپٹی میئر منتخب ہوئے ہیں۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار کمل باگڑی کو 31 ووٹوں سے شکست دی۔ اقبال کو 147 اور باگڑی کو 116 ووٹ ملے۔ جبکہ دو ووٹ کالعدم قرار دیے گئے۔ عآپ کی شیلی اوبرائے نے پہلے ہوئے میئر کے انتخاب میں بی جے پی کی ریکھا گپتا کو 34 ووٹوں سے شکست دی۔
ڈپٹی میئر منتخب ہونے والے آل محمد اقبال کا پرانی دہلی سے گہرا تعلق ہے۔ وہ وارڈ نمبر 76 چاندنی محل، دہلی سے کارپوریٹر ہیں۔ آل محمد عام آدمی پارٹی کے ایم ایل اے شعیب اقبال کے بیٹے ہیں۔ 2012 سے آل محمد اقبال مسلسل کونسلر منتخب ہو رہے ہیں۔
آلمحمد اقبال نے دسمبر 2002 میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں سب سے بڑی کامیابی درج کی تھی۔ انہوں نے ایم سی ڈی انتخابات میں 17134 ووٹوں کے فرق سے کامیابی حاصل کی۔آل محمد اقبال کے والد شعیب اقبال دہلی کے سب سے تجربہ کار ایم ایل اے ہیں۔ شعیب اقبال 6 بار سے ایم ایل اے ہیں اور دہلی قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر رہ چکے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل میئر کا انتخاب ہوا تھا جس میں شیلی اوبرائے نے بی جے پی امیدوار ریکھا گپتا کو شکست دی تھی۔ اس جیت کے ساتھ دہلی کو ڈھائی ماہ بعد میئر ملا ہے۔ اس طرح ایم سی ڈی میں میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب ہوا ہے۔ اب قائمہ کمیٹی کے ارکان کا انتخاب ہونا باقی ہے۔ بتادیں کہ میئر کا انتخاب سپریم کورٹ کی ہدایات کے بعد کیا گیا ۔ گزشتہ تین بار ایم سی ڈی ہاؤس کی کارروائی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ملتوی ہوتی رہی۔

