یوگی حکومت نے پیش کیا اب تک کا سب سے بڑا بجٹ، کسانوں خواتین اور نوجوانوں کارکھا گیا خاص خیال

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 22nd Feb

لکھنؤ،22فروری :اترپردیش اسمبلی میں بدھ کو مالی سال 2023-24کا ریاستی بجٹ پیش کیا گیا۔ بجٹ میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر توجہ دینے کے علاوہ کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کا بھی خصوصی خیال رکھا گیا ہے۔ ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی وزیر خزانہ سریش کمار کھنہ نے بجٹ تقریر شروع کی۔2023-24 کے بجٹ میں، سوامی وویکانند یوتھ امپاورمنٹ اسکیم کے اہل طلبہ کو ٹیبلیٹ/اسمارٹ فون فراہم کرنے کے لیے 3,600 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ “وزیر اعلیٰ کنیا سمنگلا یوجنا” کے لیے بجٹ میں 1,050 کروڑ روپے کا بندوبست تجویز کیا گیا ہے۔کھنہ نے کہا کہ نئی اتر پردیش ٹورازم پالیسی-2022 کے تحت اگلے 5 سالوں میں 10 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری اور 20 ہزار روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سٹارٹ اپ یونٹس کے لیے انکیوبیٹرز اور سٹارٹ اپ کیپٹل کو فروغ دینے کے لیے بجٹ میں 100 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اتر پردیش انفارمیشن ٹیکنالوجی اور اسٹارٹ اپ پالیسی کے لیے 60 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ بجٹ میں ایگریکلچر ایکسلریٹر فنڈ کے لیے 20 کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں جس کا مقصد دیہی علاقوں میں ایگری ٹیک اسٹارٹ اپس قائم کرنے کے لیے نوجوان کاروباریوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ بڑھاپے/ کسان پنشن اسکیم کے لیے 2023-24کے بجٹ میں 7,248 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ جن آروگیہ یوجنا کے تحت غیر منظم شعبے کے مزدوروں کے لیے 100 کروڑ روپے کی فراہمی کی تجویز ہے۔ وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ سال 2023-24کے بجٹ میں قومی دیہی صحت مشن کے تحت مختلف پروگراموں کو چلانے کے لیے 12,631 کروڑ روپے کا پروویڑن تجویز کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے لیے 21,159 کروڑ 62 لاکھ روپے اور سڑک اور پلوں کی دیکھ بھال کے لیے 6,209 کروڑ 50 لاکھ روپے بجٹ میں تجویز کیے گئے ہیں۔ بندیل کھنڈ ایکسپریس وے کے ساتھ ڈیفنس کوریڈور پروجیکٹ کے لیے 550 کروڑ روپے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گورکھپور لنک ایکسپریس وے کے دونوں طرف گورکھپور میں ایک صنعتی کوریڈور تیار کرنے کے لیے 200 کروڑ روپے کی فراہمی کی تجویز ہے۔