انڈیا ٹیم پاکستان نہیں آتی تو پاک ٹیم کو بھی انڈیا نہیں جانا چاہیے: کامران اکمل

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 25th Feb

کراچی،25فروری:پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق وکٹ کیپر کامران اکمل نے کہا ہے کہ انڈین ٹیم ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں آتی تو پاکستان کو بھی ورلڈ کپ کے لیے انڈیا نہیں جانا چاہیے۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں، آئی سی سی اور پی سی بی جو بھی فیصلہ کرے، لیکن ہماری بھی عزت ہے دنیا میں، پاکستان بھی ورلڈ چمپئن رہا ہے۔کامران اکمل نے کہا کہ پاکستان 2 ورلڈ کپ اور چمپئن ٹرافی جیت چکا ہے، ٹیسٹ فارمیٹ میں نمبر ون رہا ہے، اللہ کا شکر ہے پاکستان ٹیم کی دنیا میں عزت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ چیز نہ پی سی بی، نہ آئی سی سی اور نہ بی سی سی آئی کے ہاتھ میں ہے، یہ دونوں حکومتوں کے درمیان ہے اور دونوں جب تک ایک پیج پر نہیں ہوں گے اس وقت تک ایک دوسرے کی طرف نہیں جائیں گے۔کامران اکمل نے کہا کہ میرا خیال ہے ہمیں کھیلنا چاہیے، پاکستان اورانڈیا کے میچ کا بہت چرچہ ہوتا ہے۔واضح رہے کہ رواں سال شیڈول ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے، تاہم گزشتہ سال انڈین کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری نے کہا تھا کہ بھارتی ٹیم پاکستان کھیلنے نہیں جائے گی۔