Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 25th Feb
ممبئی،25فروری : ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے 5 ایسے ہندوستانی کھلاڑیوں کا نام بتایا ہے جو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آنے والے 5 سے 6 سیزن میں بڑے اسٹار بن کر ابھر سکتے ہیں۔ حالانکہ بی سی سی آئی کے سابق صدر سورو گنگولی نے اپنی فہرست میں سنجو سیمسن، ایشان کشن اور شریس ایئر کا نام شامل نہیں کیا ہے۔ خیال رہے کہ سنجو سیمسن، ایشان کشن اور شریس ایر پچھلے کئی سیزن سے آئی پی ایل میں کھیل رہے ہیں اور اپنی اپنی ٹیموں کا اہم حصہ بھی ہیں۔ جبکہ سنجو سیمسن اس وقت راجستھان رائلز (RR) کی کپتانی کر رہے ہیں، شریس ایئر کولکاتہ نائٹ رائیڈرز ٹیم کے کپتان ہیں۔ اس کے علاوہ ایشان کشن گزشتہ آئی پی ایل سیزن میں ممبئی انڈینز کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں سے ایک تھے۔سورو گنگولی نے اسٹار اسپورٹس شو میں کہا کہ مجھے اس لیگ میں اگلا بڑا سپر اسٹار کھلاڑی سوریہ کمار یادیو نظر آرہا ہے، حالانکہ اب ان کا شمار نوجوان کھلاڑیوں میں نہیں کیا جاسکتا۔دوسری جانب نوجوان کھلاڑیوں میں پرتھوی شا میرے لیے نمبر ایک ہوں گے، جن کے پاس ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلنے کا بہت ٹیلنٹ ہے۔ اس کے بعد میرے لیے رشبھ پنت نمبر 2 پر ہیں جو پہلے ہی خود کو ثابت کر چکے ہیں۔گنگولی نے اپنی فہرست میں چنئی سپر کنگز کے لیے کھیلنے والے نوجوان اوپننگ بلے باز روتوراج گائیکواڑ کا نام بھی شامل کیا۔وہیں گنگولی نے فاسٹ باؤلر عمران ملک کو بھی اپنی فہرست میں شامل کیا، جس میں ان کے مطابق اگر وہ فٹ رہے تو آنے والے وقت میں وہ بہت خطرناک بولر کے طور پر نظر آئیں گے۔اس شو کے رکن سابق بھارتی کھلاڑی ہربھجن سنگھ نے جب سابق کپتان گنگولی سے شوبھ من گل کے بارے میں پوچھا تو گانگولی نے کہا کہ یقینا میں ان کا نام بھول رہا ہوں لیکن میں اپنی فہرست میں شوبھ من گل کو 5ویں کھلاڑی کے طور پر شامل کرنا چاہوں گا۔

