Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 26th Feb
رائے پور،26فروری :کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے سیاست سے ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نا وہ کبھی ریٹائر ہوئی تھیں اور نا ہی کبھی ہوں گی۔ کانگریس لیڈر الکا لامبا نے یہ اطلاع دی۔ الکا لامبا نے کہا ہے کہ اس معاملے پر ان کی سونیا گاندھی سے بات ہوئی ہے۔ الکا نے کہا ’’میں نے میڈیا میں آنے والی میڈم کی ریٹائرمنٹ سے متعلق خبروں کے بارے میں انہیں بتایا، وہ ہنس پڑیں اور کہا کہ میں کبھی ریٹائر نہیں ہوئی تھی اور نہ ہی کبھی ہونگی۔‘‘سونیا گاندھی کا یہ بیان اس لیے آیا ہے کیونکہ رائے پور میں ان کی جذباتی تقریر کے بعد یہ قیاس لگائے جا رہے تھے کہ وہ اب سیاست سے ریٹائر ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے اس طرح کی قیاس آرائیوں کو ختم کرنے کے لئے یہ بیان دیا ہے۔ خیال رہے کہ چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں کانگریس کا 85 واں پلینری اجلاس جاری ہے۔رائے پور میں اجلاس کے دوران پارٹی کی سابق صدر سونیا گاندھی تقریر کرتے ہوئے جذباتی ہو گئیں۔ کانگریس صدر کے طور پر اپنے سفر کا ذکر کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران کانگریس صدر کے طور پر سونیا گاندھی کے سفر اور پارٹی میں ان کے تعاون کو ظاہر کرنے والی ایک ویڈیو بھی چلایا گئی۔سونیا گاندھی نے اس ویڈیو کے بعد جذباتی خطاب کرتے ہوئے کانگریس صدر کے طور پر اور یو پی اے کے دور حکومت کے دوران کہی گئی باتوں کے لیے سب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ سال 1998 میں کانگریس صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک 25 سالوں میں ہم نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور مایوسی کا وقت بھی دیکھا ہے۔ سونیا گاندھی نے منموہن سنگھ کی قیادت میں 2004 اور 2009 کے لوک سبھا انتخابات میں جیت کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔

