ٹم ساؤتھی نے سب سے زیادہ چھکے لگانے کے معاملے میں ایم ایس دھونی کو پیچھے چھوڑ دیا، ٹاپ 10 میں داخل ہوئے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 26th Feb

ویلنگٹن ، 26فروری :نیوزی لینڈ ٹیم کے ٹیسٹ کپتان اور تجربہ کار تیز گیند باز ٹم ساؤتھی نے بلے بازی کے شعبے میں نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ انگلینڈ کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں ٹم ساؤتھی نے 73 رن کی اننگ کے دوران 6 چھکے لگائے اور ٹیم کا اسکور 200 سے آگے لے گئے۔ اس اننگ میں چھکوں کی مدد سے ٹم ساؤتھی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکوں کی فہرست میں دسویں نمبر پر آگئے ہیں۔ اس دوران انہوں نے ایم ایس دھونی سمیت چار نامی گرامی بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ٹم ساؤتھی جب انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگ میں بلے بازی کے لیے آئے تو ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 76 چھکے لگائے تھے تاہم 2 چھکے لگانے کے بعد وہ ایم ایس دھونی کے ریکارڈ تک پہنچ گئے اور اس کے بعد انہوں نے مزید 4 چھکے لگائے جس میں ایم ایس دھونی سمیت کیون پیٹرسن اور مصباح الحق کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ جبکہ میتھیو ہیڈن کے ریکارڈ کوبرابر کر لیا۔ ٹم ساؤتھی نے یہ کارنامہ اپنے 92 ٹیسٹ میچوں میں مکمل کیا اور نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالا۔
پہلی اننگ میں ایک مرحلے پر نیوزی لینڈ کا اسکور 103/7 تھا لیکن یہاں سے ٹم ساؤتھی نے طوفانی بلے بازی کی اور ٹام بلنڈل کے ساتھ 98 رنوں کی شراکت قائم کی۔تاہم اس کے بعد ٹیمجلدی سمٹ گئی اور انگلینڈ نے فالو آن لینے کے بعد ایک بار پھر کیوی ٹیم کو بلے بازی کی دعوت دی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے ٹاپ 3 بلے باز
انگلش ٹیسٹ ٹیم کے موجودہ کپتان بین اسٹوکس نے حال ہی میں ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔ ٹیسٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ اسٹوکس کے پاس ہے جو اس سے قبل نیوزی لینڈ کے لیجنڈ برینڈن میک کولم کے پاس تھا۔ اسٹوکس 91 میچوں میں 109 چھکوں کے ساتھ پہلے، میک کولم 101 میچوں میں 107 چھکوں کے ساتھ دوسرے اور ایڈم گلکرسٹ 100 کے ساتھتیسرے نمبر پر موجود ہیں۔