جنگلی سور کا حملہ، بیٹی کو بچاتے ہوئے ماں ہلاک

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 27th Feb

رائے پور، 27 فروری :چھتیس گڑھ میں ایک خاتون اپنی بچی کو جنگلی سور سے بچانے کے دوران ہلاک ہو گئی ہے۔چھتیس گڑھ کے ضلع کوربا میں پیش آیا۔ضلع کوربا کے محکمہ جنگلات کے ایک عہدے دار کے مطابق اس واقعے میں بچی محفوظ رہی لیکن اس کی ماں جنگلی سور سے لڑائی کے دوران شدید زخمی ہو جانے کے بعد جانبر نہ ہو سکی۔فاریسٹ رینج افسر دمنواس دہایت نے بتایا کہ یہ واقعہ پسان پولیس سٹیشن کی حدود تیلیامار گاؤں میں اس وقت پیش آیا جب 45 سالہ خاتون دواشیہ بائی اور اس کی بچی رِنکی قریبی کھیت میں مٹی لانے گئیں۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق جب مذکورہ خاتون مٹی کھودنے میں مصروف ہو گئی تو اسی دوران اچانک ایک جنگلی سور وہاں آ گیا اور ان کی بچی کی جان بڑھنے لگا۔محکمہ جنگلات کے افسر کے مطابق خاتون دواشیہ نے پھاوڑے سے جنگلی سور کا مقابلہ کیا۔ وہ جنگلی سور کو مارنے میں کامیاب تو ہو گئیں لیکن اس دوران انہیں شدید زخم لگے جن کی وجہ سے ان کی موت واقع ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کے اہلکار اس جگہ پہنچے اور خاتون کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا۔ ہلاک ہونے والی خاتون کے خاندان کو ابتدائی طور پر زرِتلافی کی مد میں 25 ہزار روپے ادا کیے گئے ہیں جبکہ پانچ لاکھ 75 ہزار روپے ضروری کارروائی کے بعد ادا کیے جائیں گے۔