Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 28th Feb
مرشیا / اسپین، 28فروری : آئزل آف مین نے اسپین کیخلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں 10 رنز پر آؤٹ ہوکر منفی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ یہ انٹرنیشنل ٹی 20 کرکٹ میں کسی بھی ٹیم کا کم ترین ٹوٹل ہے۔گزشتہ روز کھیلے گئے اس میچ میں آئزل آف مین کی نیشنل ٹیم 8.4 اوورز میں صرف 10 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اسپینش شہر مرشیا کے لامانگا کلب باٹم گراؤنڈ پر کھیلے گئے اس مقابلے میں ناکام ٹیم کی جانب سے جوزف براؤز 4 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، 7 کھلاڑیوں کو کھاتہ تک کھولنا نصیب نہیں ہوا۔اسپین کی جانب سے فاسٹ بولرز عاطف محمود اور محمد کامران نے 4، 4 وکٹیں لیں، کامران نے تیسرے اوور میں ہیٹ ٹرک کا کارنامہ بھی انجام دیا۔جواب میں اسپین کی ٹیم نے صرف 2 بالز پر ہی فتح حاصل کرلی، اوپنر اویس احمد نے دونوں بالز پر چھکے جڑے۔ اس سے قبل مینز انٹرنیشنل ٹی 20 کرکٹ میں سب سے کم ترین ٹوٹل کا منفی ریکارڈ ترکی کے پاس تھا ،جس نے 2019 میں جمہوریہ چیک کے خلاف محض 21 رنز بنائے تھے۔

