این ایچ 27 سے لوڈیڈ پستول اور 12 زندہ کارتوس کے ساتھ بین ضلع گروہ کے 3جرائم پیشہ گرفتار

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 1st March

سنگھواڑہ دربھنگہ (محمد مصطفی)
دربھنگہ۔ مظفر پور این ایچ 27 پر لوٹ پاٹ کی واردات کو انجام دینے کے لئے اپاچی بائک سے آئے 3 جرائم پیشہ افراد کو سمری تھانہ کی پولیس نے لوڈیڈ پستول اور 12 زندہ کارتوس کے ساتھ گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 5 موبائل اور ایک اپاچی بائک بھی ضبط کی ہے۔سٹی ایس پی ساگر کمار نے بتایا کہ این ایچ سے بین ضلع گروہ کے شاطرجرائم پیشوں کے گزرنے کی اطلاع سامنے آتے ہی سمری تھانہ صدر شمشاد خان کو الرٹ کرکے کارروائی کی ہدایت دی گئی تھی ۔پولیس ٹیم این ایچ پر لگاتار گشتی پر تھی ۔شاستری چوک سے آگے رموا کٹ کے قریب ایک اپاچی بائک کے ساتھ 3 افراد مشتبہ حالت میں کھڑے تھے جو وہاں کسی بڑی مجرمانہ واردات کو انجام دینے کی کوشش میں تھے۔جیسے ہی وہاں پولیس کی گشتی گاڑی پہنچی سبھی فرار ہونا چاہ رہے تھے جسے تعاقب کرکے پکڑ لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ جب ان کی تلاشی لی گئی تو لوڈیڈ پستول اور 12 زندہ کارتوس بھی برآمد ہوئے۔گرفتار جرائم پیشوں کی شناخت مظفر پور ضلع کے گائے گھاٹ تھانہ حلقہ کے کٹواسا باشندہ ابھیمنیو سنگھ ، لدور گاؤں باشندہ بٹو سنگھ سمیت مدھوبنی ضلع کے راج نگر تھانہ کے بھٹ سمر گاؤں باشندہ شیوم ٹھاکر کی شکل میں کی گئی ہے جو بین ضلع جرائم پیشہ گروہ کے شاطر جرائم پیشہ ہیں۔ان کے خلاف اسسٹنٹ داروغہ امیت رنجن کے درخواست پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ سٹی ایس پی نے کہا کہ جرائم پیشوں کے پاس سے برآمد 5 موبائل کی تکنیکی جانچ کے ساتھ ضبط اپاچی بائک کی تصدیق کے لئے ڈی ٹی او کو رپورٹ بھیجا گیا ہے۔پوچھ گچھ میں ان جرائم پیشوں نے پولیس کو بتایا ہے کہ بائک کا نمبر پلیٹ ہٹا کر این ایچ پر سفر کرنے والے مسافروں کو اسلحہ کا خوف دیکھا کر لوٹ پاٹ کی واردات کو انجام دیتے ہیں۔ منگل کی شام بھی مسافروں کے ساتھ لوٹ پاٹ کرنے کا منصوبہ تھا اسی اثنا میں وہ تینوں پولیس کے ہتھے چڑھ گئے۔تھانہ صدر شمشاد احمد خان نے بتایا کہ ایف آئی آر درج کر جرائم پیشوں کو عدالتی تحویل میں جیل بھیجا جا رہا ہے۔گرفتار جرائم پیشوں کا  مختلف تھانوں سے مجرمانہ ریکارڈ پتہ لگایا  جا رہا ہے۔ جرائم پیشہ شیوم ٹھاکر شراب مافیا ہے ۔وہ مدھوبنی کے بھیرو استھان میں ٹرک سے برآمد شراب معاملے میں جیل جا چکا ہے۔ اسکے خلاف 1680لیٹر شراب ضبط معاملے میں ایف آئی آر 22/183 درج ہے وہیں جرائم پیشہ ابھیمنیو سنگھ پر  دربھنگہ  صدر تھانہ کے مبی او پی میں جان لیوا و مار پیٹ کرنے کے اِلزام میں ایف آئی آر 22/57 درج ہے۔