بھارتی تیز گیند بازامیش یادو نے گھریلوپچ پر 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کر لیں

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 02 March

اندور، 2 مارچ (ہ س)۔ تجربہ کار ہندوستانی تیز گیند باز امیش یادو جمعرات کو ہندوستان میں 100 وکٹیں مکمل کرنے والے 13ویں گیند باز بن گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ بارڈر گواسکر ٹرافی کے تحت اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن انجام دیا۔ امیش نے مشیل اسٹارک کو آؤٹ کر کے گھر یلو پچ پر اپنی 100ویں وکٹ مکمل کی۔ وہ کپل دیو (219)، جواگل سری ناتھ (108)، ظہیر خان (104) اور ایشانت شرما (104) کے بعد یہ کارنامہ انجام دینے والے پانچویں تیز گیند باز ہیں۔رویندرجڈیجہ (04 وکٹیں)، روی چندرن اشون اور امیش یادو (دونوں 3-3 وکٹیں) کی بدولت آسٹریلیا کی اننگ آج تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے دن پہلی اننگ میں 197 رن پر سمٹ گئی۔ بھارت سے 47 رن آگے دن کا آغاز کرتے ہوئے آسٹریلیا نے پہلی اننگ میں 88 رن کی برتری حاصل کی۔ٹرننگ پچ پر، امیش دونوں ٹیموں کی پہلی اننگ میں وکٹ لینے والے واحد تیز گیند باز بن گئے۔ امیش نے صبح کے سیشن کے دوسرے گھنٹے میں تین اوور میں تین وکٹ لیے اور پانچ اوور میں 12 رن دے کر تین وکٹ لیے۔ اب ان کے پاس ہندوستان میں 31 ٹیسٹ میچوں میں 24.53 کی اوسط سے 101 وکٹیں ہیں۔ایک مرحلے پر جب پیٹر ہینڈزکومب اور کیمرون گرین پچ پر تھے تو ایسا لگ رہا تھا کہ آسٹریلیا 100 سے 120 رن کی برتری حاصل کر لے گا۔ لیکن اشون (3/44) نے وقفے کے بعد پہلے ہی اوور میں پیٹر ہینڈزکومب (19) کو آؤٹ کر دیا۔ ہینڈزکومب کو اشون کی گیند پر شریس ایئر نے کیچ لیا۔ جب ہینڈزکومب آؤٹ ہوئے تو آسٹریلیا کا اسکور 5 وکٹوں پر 186 تھا۔دوسرے دن آسٹریلیا کا پہلا گھنٹہ اچھا رہا کیونکہ اس نے بغیر کسی نقصان کے 16 اوورز میں 30 رن جوڑے۔ لیکن اس کے بعد وقفے کے بعد، اشون اور امیش نے گیند کے ساتھ تباہی مچا دی، جس سے آسٹریلیا کے بقیہ 6 وکٹ صرف 6.3 اوور میں صرف 11 رن پر گر گئے ۔