Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 03 March
ممبئی،03مارچ(ایم ملک)شردھا کپور بالی ووڈ کی ایسی اداکارہ ہیں، جنہوں نے اداکاری کے ذریعے اپنی ایک الگ پہچان بنائی، جس کی وجہ سے وہ آج بالی ووڈ کی ٹاپ اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ اداکار شکتی کپور کی بیٹی شردھا کپور نے فلم ’عاشقی-2‘ سے اداکاری کے سفر کا آغاز کیا۔ پہلی ہی فلم نے انہیں راتوں رات اسٹار بنا دیا۔ آج 3 مارچ کو شردھا کی سالگرہ ہے۔ آئیے جانتے ہیں ان کے بارے میں کچھ خاص باتیں۔شردھا کپور آج 36 سال کی ہو گئی ہیں۔ وہ اب تک کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔ 3 مارچ 1987 کو پیدا ہونے والی شردھا کپور کے والد شکتی کپور بھی ایک مشہور بالی ووڈ اداکار اور والدہ شیوانگی کولہاپوری ہیں۔ ممبئی کے جمنا بائی نرسنگ اسکول میں پرائمری کی تعلیم کے بعد، شردھا گریجویشن کے لیے بوسٹن یونیورسٹی (یو ایس اے) گئیں لیکن انہوں نے اپنی پڑھائی چھوڑ کر فلمی صنعتوں میں اپنا کیریئر بنانے کا فیصلہ کیا۔ شردھا کے بارے میں بہت کم لوگ جانتے ہوں گے، وہ ایک کافی شاپ میں بھی کام کرتی تھیں۔ ایک انٹرویو میں شردھا نے بتایا کہ بوسٹن میں پڑھائی کے دوران وہ جیب خرچ کے لیے ایک کافی شاپ میں کام کرتی تھیں۔ان کی ہر فلم نے ناظرین پر ایک الگ تاثر چھوڑا ہے۔ آپ کو بتادیں کہ شردھا کپور کے مداحوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے، جب کہ شردھا 123 کروڑ روپے کی مالک ہیں۔ جو معلومات سامنے آئی ہیں ان کے مطابق شردھا کپور ایک فلم کے لیے تقریباً 5 سے 7 کروڑ روپے لیتی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کچھ برانڈز کی سفیر بھی ہیں۔ وہ ایک اشتہار کے لیے 1.6 کروڑ روپے تک وصول کرتی ہیں۔ شردھا کا مڈ آئی لینڈ والا بنگلہ، جہاں وہ اپنے والدین کے ساتھ رہتی ہیں، کہا جاتا ہے کہ اس کی قیمت 20 کروڑ روپے ہے۔ ان کے پاس کچھ لگژری کاریں بھی ہیں۔ شردھا کے کام کی بات کریں تو ان کی فلم ‘میں جھوٹھی تو مکار’ 8 مارچ کو ریلیز ہونے والی ہے۔ اس فلم میں ان کے ساتھ اداکار رنبیر کپور اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ فی الحال وہ اس فلم کی تشہیر میں مصروف ہیں۔