حکومت سب کچھ بیچنے کی جلدی میں نہیں: نرملا سیتا رمن

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 5th March

نئی دہلی،05مارچ : مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتارامن نے ہفتہ کے روز کہا کہ حکومت سب کچھ بیچنے کی جلدی میں نہیں ہے اور ٹیلی کام سمیت چار اسٹریٹجک شعبوں میں اپنی موجودگی برقرار رکھے گی۔ سٹریٹجک شعبوں میں موجودہ پبلک سیکٹر کے تجارتی اداروں کی کم از کم موجودگی کو ہولڈنگ کمپنی کی سطح پر حکومت کے کنٹرول میں رکھا جائے گا۔ اس شعبے کے باقی اداروں کی نجکاری یا کسی دوسرے پبلک سیکٹر انٹرپرائز (پی ایس ای) کے ساتھ انضمام یا بندش کے لیے غور کیا جائے گا۔یہاں منعقد ‘رائسینا ڈائیلاگ2023’ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، سیتارامن نے کہا کہ سرکاری ملکیت میں پیشہ ورانہ طور پر چلنے والی کمپنیاں ملک میں چار وسیع اسٹریٹجک شعبوں میں کام کرنا جاری رکھیں گی۔پی ایس ای پالیسی کے تحت ایٹمی توانائی، خلائی اور دفاع، ٹرانسپورٹ اور ٹیلی کام؛ بجلی، پیٹرولیم، کوئلہ اور دیگر معدنیات اور بینکنگ، انشورنس اور مالیاتی خدمات کو چار وسیع اسٹریٹجک شعبوں کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا، ‘حکومت کی پالیسی ہر چیز کو بیچنے کی جلدی نہیں ہے اور نہ ہی اس کا مطلب یہ ہے کہ حکومت سوئی سے لے کر فصلوں تک ہر چیز کی پیداوار شروع کر دے گی۔ جہاں حکومت نہیں رہنا چاہتی، وہاں نہیں رہے گی۔ لیکن جہاں اسٹریٹجک مفادات کے پیش نظر موجود ہونے کی ضرورت ہوگی، وہ ٹیلی کام جیسے شعبوں میں رہے گی۔ان علاقوں میں حکومت کی کم سے کم موجودگی کی اہمیت کی وضاحت کرتے ہوئے، وزیر خزانہ نے کہاایک سرکاری ٹیلی کام کمپنی ہوگی اور اسے پیشہ ورانہ طور پر چلایا جائے گا۔انہوں نے کہاجو ادارے اپنے طور پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ان کی بات الگ ہے۔ لیکن اگر کسی بہت چھوٹی کمپنی میں کوئی صلاحیت ہے تو ہم انہیں ایک بڑی کمپنی میں ضم کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ وہ اپنا کام خود چلا سکیں۔سیتا رمن نے بجٹ تقریر میں اعلان کیا تھا کہ حکومت مالی سال 2023-24میں مختلف سرکاری کمپنیوں میں حصہ بیچ کر 51,000 کروڑ روپے اکٹھا کرے گی۔ یہ ہدف 31 مارچ 2023 کو ختم ہونے والے موجودہ مالی سال سے قدرے زیادہ ہے۔