بلوچستان میں پولیس وین پر خودکش حملہ 9پولیس اہلکار ہلاک

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 6th March

کوئٹہ ،6مارچ : بلوچستان کے ضلع بولان میں کنبڑی پل کے قریب بلوچستان کانسٹیبلری کے ٹرک کے نزدیک خودکش دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔ایس ایس پی کچھی محمود نوتیزئی نے بتایا ہے کہ ضلع کچھی اور سبی باڈر کے قریب بولان کے علاقے کنبڑی میں بلوچستان کانسٹیبلری پولیس کے ٹرک کو نشانہ بنایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ دھماکا موٹرسائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے کیا ہے جس کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 13 زخمی ہوگئے ہیں، بم ڈسپوزل اور دیگر سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔وزیر داخلہ کی جانب سے انتظامیہ کو زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے فورسز کی استعداد کار بڑھانے میں پوری معاونت کرے گی، بزدلانہ کارروائیوں سے صوبے کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔