خدا بخش لائبریری میں ہندی کے مشہور ادیب پھنیشور ناتھ رینو پر کتابوں کی نمائش اور فلم شو

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 6th March

پٹنہ: ۶؍مارچ۲۰۲۳ء : خدا بخش لائبریری نے ایک نئی شروعات یہ کی ہے کہ مشہور ادبا و شعرا کو ان کے یوم ولادت کے موقع پر یاد کیا جائے اور ان کی خدمات سے لوگوں کو واقف کرایا جائے۔ اس موقع پر ان کی اور ان پر لکھی گئی کتابوں کی نمائش کی جاتی ہے اور حیات و خدمات کے تعلق سے دستاویزی فلم دکھائی جاتی ہے۔ لائبریری کے اس نئے اقدام سے نئی نسل کو بڑا فائدہ مل رہا ہے۔ سروجنی نائیڈو، ڈاکٹر ذاکر حسین، خوشونت سنگھ، سبھاش چندر بوس، جاوید اختر، سوامی وویکانند، کیفی اعظمی، کملیشور، حسرت موہانی، جون ایلیا جیسے دانشوروں پر کتابوں کی نمائش لگائی جا چکی ہے۔ آج پھنیشور ناتھ رینو کی خدمات کی یاد تازہ کی جارہی ہے۔
پھنیشور ناتھ رینو کی مقبولیت ہندی زبان و ادب ہی نہیں دیگر ہندستانی زبانوں میں بھی مسلم ہے۔ پریم چند کے بعد جن قلم کاروں نے ہندوستان کے دیہی علاقے کی زندگی اور مسائل کو تخلیقی شکل میں انسانی معاشرے کے سامنے پیش کیا ان میں رینوکو غیر معمولی اہمیت حاصل ہے۔ ان کے یوم ولادت کے موقع پر کتابوں کی نمائش لگائی گئی، جن کتابوں کی نمائش لگائی گئی، ان میں رینو رچناولی، دیرگھ تپا، ٹھمری، میلا آنچل، اگنی خور وغیرہ اہم کتابیں ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی حیات و خدمات کے تعلق سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔