Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 9th March
احمد آباد، 09 مارچ : بارڈر۔ گاوسکر ٹرافی کے تحت یہاں نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے چار میچوں کی سیریز کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کھیل ختم ہو گیا ہے۔ آسٹریلیا نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے پر چار وکٹوں کے نقصان پر 255 رن بنالئے ہیں۔ اوپنر عثمان خواجہ شاندار سنچری بنانے کے بعد 104 رن بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔ خواجہ کے ساتھ دوسرے سرے پر کیمرون گرین 49 رن بنا کر ناٹ آوٹ ہیں۔ آسٹریلیائی ٹیم میچ میں مضبوط پوزیشن میں ہے۔
میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کرتے ہوئے اوپنرز ٹریوس ہیڈ اور عثمان خواجہ نے عمدہ آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 61 رن جوڑے۔ 61 کے مجموعی اسکور پر رویندرن اشون نے رویندر جڈیجا کے ہاتھوں ہیڈ کوکیچ کروا کر بھارت کو پہلی کامیابی دلائی۔ ہیڈ نے 44 گیندوں میں 7 چوکوں کی مدد سے 32 رن بنائے۔ اس کے بعد محمد شامی نے مارنس لابوشین کو 72 کے مجموعی اسکور پر بولڈ کر کے آسٹریلیا کو دوسرا جھٹکا دیا۔ لابوشین صرف 3 رن بنا سکے۔ اس کے بعد خواجہ اور اسمتھ نے عمدہ بلے بازی کی اور لنچ تک مزید کوئی وکٹ نہیں گرنے دیا۔
عثمان خواجہ نے لنچ کے بعد اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ دونوں نے اس سیشن میں سست بلے بازی کی، لیکن دوسرے سیشن میں ہندوستان کو کوئی وکٹ نہیں دی۔ تیسرے سیشن میں رویندر جڈیجا نے 151 رن کے اسکور پر اسٹیو اسمتھ کو آؤٹ کرکے بھارت کو ایک بڑی کامیابی دلائی۔ اسمتھ نے 135 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 38 رن بنائے۔ اس کے بعد 170 رنوں کے اسکور پر محمد شامی نے آسٹریلیا کو چوتھا جھٹکا دیا۔ شامی نے پیٹر ہینڈزکومب کو کلین بولڈ کیا۔ ہینڈزکومب نے 17 رن بنائے۔
اس کے بعد عثمان خواجہ نے کیمرون گرین کے ساتھ اننگ کو آگے بڑھایا۔ دونوں نے اچھی بلے بازی کی۔ خواجہ نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے سے عین قبل اپنی سنچری مکمل کی۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک خواجہ 104 اور کیمرون گرین 49 رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔ آسٹریلیا نے پہلے دن چار وکٹوں پر 255 رن بنائے ہیں۔
بھارت کی جانب سے پہلے دن محمد شامی نے دو وکٹیں حاصل کیں جب کہ روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجا نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
دونوں کپتانوں کو دی گئی خصوصی کیپ
آج صبح، ٹاس سے پہلے، دونوں کپتان روہت شرما اور اسٹیو اسمتھ نے اپنے اپنے وزرائے اعظم نریندر مودی اور انتھونی البانیز سے خصوصی ٹیسٹ کیپسحاصل کیں۔
بی سی سی آئی کے صدر راجر بنی نے آسٹریلیا کے وزیر اعظم البانی کو جبکہ سکریٹری جے شاہ نے وزیر اعظم مودی کی عزت افزائی کی ۔ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوستی کے 75 سال مکمل ہونے کے موقع پر وزیر اعظم مودی اور وزیر اعظم البانیز نے میدان میں لیپ آف آنر بھی لیا۔
مودی اور البانیز نے اس کے بعد ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان یادگار لمحات کی کچھ تصویریں دیکھیں اور سابق ہندوستانی کوچ اور کھلاڑی روی شاستری نے انہیں دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے کچھ اہم میچوں کی تصاویر سمجھائیں۔
مودی اور البانیز اس کے بعد دونوں کپتانوں کے ساتھ گراؤنڈ پہنچے جہاں ان کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا۔

