بھارت اورآسٹریلیا کے وزرائے اعظم نے آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ دیکھا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 9th March

احمد آباد، 9 مارچ : وزیر اعظم نریندر مودی اور آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز نے آج گجرات کے احمد آباد میں نریندر مودی اسٹیڈیم میں بارڈر-گاوسکر ٹرافی کے چوتھے یادگاری کرکٹ ٹیسٹ میچ کا ایک حصہ دیکھا۔ جمعرات کو دونوں ممالک کے درمیان چار میچوں کی بارڈر گاوسکر ٹرافی ٹیسٹ سیریز کا آخری میچ کھیلا جا رہا ہے۔ جمعرات کو میچ کا پہلا دن ہے۔ یہ میچ دونوں ممالک کی کرکٹ دوستی کے 75 سال مکمل ہونے پر کھیلا جا رہا ہے۔
دونوں وزرائے اعظم کا میچ سے قبل منتظمین نے شاندار استقبال کیا۔ وزیر اعظم مودی نے بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما اور آسٹریلیا کے وزیر اعظم البنیز نے آسٹریلیائی ٹیم کے کپتان اسٹیو اسمتھ کو خصوصی کیپ پیش کیا۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نے حاضرین کا مبارکباد قبول کیا۔
آسٹریلیا کے وزیر اعظم البانیز نے ٹویٹ کیا کہ ہم نے احمد آباد میں کرکٹ کے ذریعے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دوستی کے 75 سال کا جشن منایا۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانیز کا اسٹیڈیم پہنچنے کے بعد بھارتی کرکٹ کنترول بورڈ کے سکریٹری جے شاہ اور بی سی سی آئی کے سربراہ راجر بنی نے استقبال کیا۔ وزرائے اعظم نے ثقافتی پروگرام یونٹی آف سمفنی بھی دیکھا، جسے گلوکارہ فالگونی شاہ نے پیش کیا تھا۔