Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th March
ًْْبیجنگ،10مارچ: چین کی پارلیمان نے شی جِن پنگ کو تیسری مرتبہ صدر منتخب کر لیا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جمعے کو شی جِن پنگ تیسری مرتبہ پانچ سال کے لیے چین کے صدر منتخب ہو گئے ہیں۔ انہوں نے چین کے بانی ماؤ زے تنگ کے بعد ملک کے سب سے طاقتور رہنما کے طور پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔پارلیمان میں نیشنل پیپلز کانگریس کے تین ہزار کے قریب اراکین نے دی گریٹ ہال میں 69 برس کے شی جِن پنگ کو متفقہ طور پر ووٹ دیا تاکہ وہ صدر بن سکیں اور وہاں کوئی دوسرا امیدوار بھی موجود نہیں تھا۔ووٹنگ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی اور الیکٹرانک گنتی تقریباً 15 منٹ میں مکمل ہوئی۔شی جِن پنگ ملک کے مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین کے طور پر بھی تیسری مدت کے لیے منتخب ہوئے۔گذشتہ سال اکتوبر میں شی جن پنگ مسلسل تیسری بار حکمران جماعت کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے جنرل سیکرٹری منتخب ہوئے تھے۔خیال رہے کہ شی جن پنگ 2013 میں سابق چینی صدر ہوجن تاؤ کے بعد پہلی مرتبہ عہدہ صدارت پر فائز ہوئے تھے۔پارلیمان نے ڑاؤ لیجی کو چیئرمین اور ہان ڑنگ کو نیا نائب صدر چن لیا ہے۔ یہ دونوں افراد صدر شی جِن پنگ کی سابق ٹیم سے ہیں۔

