Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th March
احمد آباد، 10 مارچ: آسٹریلیائی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے یہاں بارڈر گواسکر ٹرافی کے چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن پیٹ کمنز کی والدہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بازو پر سیاہ پٹیاں باندھیں۔ کمنز کی والدہ کینسر کے ساتھ طویل جنگ کے بعد جمعرات کو انتقال کر گئیں۔احمد آباد میں جمعہ کی صبح، کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے دن کے کھیل سے پہلے ٹیم کو جمع کیا اور بتایا کہ پیٹ کمنز کی والدہ ماریہ کمنز کا چھاتی کے کینسر سے انتقال ہو گیا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا نے ایک بیان میں کہا: “ہمیں ماریا کمنز کے انتقال سے بہت دکھ ہوا ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے، ہم پیٹ، کمنز کے اہل خانہ اور ان کے دوستوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ آسٹریلوی مردوں کی ٹیم نے آج بازؤں پر سیاہ پٹی باندھ کر خراج عقیدت پیش کیا ۔اپنی والدہ کی دیکھ بھال کے لئے سڈنی روانہ ہونے سے پہلے کمنز نے بارڈر ۔گاوسکر سیریز میں بھارت کے خلاف پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں ٹیم کی کپتانی کی ، جبکہ ان کی غیر موجودگی میں اسٹیو اسمتھ ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔ ٹیم نے پہلے دو ٹیسٹ میں کمنز کی کپتانی کے لئے ان کی تعریف کی ہے ۔ چوتھے میچ کی بات کریں تو اس میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے آسٹریلیا نے دوسرے روز اوپنر عثمان خواجہ کی شاندار ناٹ آؤٹ سنچری اور کیمرون گرین کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت خبر لکھے جانے تک 4 وکٹوں پر 325 رن بنائے۔ خواجہ 140 اور گرین 83 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔

