Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 10th March
لکھنو،10مارچ:اترپردیش میں بلدیاتی انتخاب کے پیش نظر تشکیل پسماندہ طبقہ (او بی سی) کمیشن کی سفارشات کو اتر پردیش کی یوگی حکومت نے منظوری فراہم کر دی ہے۔ وزراء کونسل کی میٹنگ کے بعد حکومت نے یہ فیصلہ لیا۔ اتر پردیش کے وزیر برائے توانائی اور شہری ترقی اے کے شرما نے لوک بھون میں منعقد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس سلسلے میں جانکاری دی اور کہا کہ ’’بلدیاتی انتخاب کو لے کر 5 دسمبر کو نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا۔ اس کے بعد کچھ عرضیاں ہائی کورٹ میں داخل کی گئیں جس پر عدالت نے ریزرویشن کے عمل کو خود مختار کمیشن بنا کر جانچ کا حکم دیا تھا۔‘‘اے کے شرما نے بتایا کہ 27 دسمبر کو ہائی کورٹ کا حکم ا?یا تھا، جس کے اگلے ہی دن 28 دسمبر کو ریاستی حکومت نے سبکدوش جسٹس رام اوتار سنگھ کی صدارت میں پانچ رکنی ’یوپی ریاستی مقامی بلدیہ خود مختار پسماندہ طبقہ کمیشن‘ کی تشکیل کی۔ کمیشن کو اپنی رپورٹ پیش کرنے کے لیے چھ ماہ کا وقت دیا گیا تھا۔ کمیشن نے نصف سے بھی کم وقت میں اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ کو سونپ دی ہے۔ اس رپورٹ کو وزراء کونسل کی طرف سے منظور کر لیا گیا ہے۔

