بی جے پی نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے :شیوپال

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 11th March

اٹاوہ ،11مارچ:اترپردیش کے اٹاوہ ضلع میں سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری شیو پال سنگھ یادو نے یوگی حکومت پر بڑا حملہ کیا۔ شیو پال یادو نے یوگی حکومت کے افسران کو بدعنوان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت سب سے زیادہ بدعنوان ہے۔ بی جے پی نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ ہر محکمے میں کرپشن عروج پر ہے۔معلومات کے مطابق سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری شیو پال سنگھ یادو شہر میں ایک پرائیویٹ اسکول کے افتتاحی پروگرام میں پہنچے تھے۔ شیو پال نے اسٹیج سے اپنے خطاب میں لوگوں کو اعلیٰ تعلیم کے بارے میں آگاہ کیا۔ اس کے بعد شیو پال یادو نے ا سٹیج سے ریاست کی بی جے پی حکومت پر حملہ بولا۔ ریاست میں پھیلی بدعنوانی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے اتر پردیش میں کوئی اور بدعنوان حکومت نہیں آئی۔ پولیس اور انتظامی افسران بدعنوانی میں مصروف ہیں۔ کرپشن ہر ادارے میں نظر آتا ہے حتیٰ کہ عدلیہ میں بھی۔ ہم نے 50 سال پہلے تک کا وہ وقت دیکھا ہے جب آئی اے ایس، آئی پی ایس افسران کبھی جھوٹ نہیں بولتے تھے، لیکن اب افسران نے سارے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔غور طلب بات یہ ہے کہ سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری شیو پال سنگھ یادو ریاستی حکومت پر لگاتار حملے کر رہے ہیں۔ ایوان میں بھی شیو پال سنگھ یادو مسلسل حکومت پر حملہ آور ہیں۔ واضح رہے کہ شیو پال یادو نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم چودھری چرن سنگھ نے کہا تھا کہ کرپشن اوپر سے نیچے تک پھیلتی ہے۔