Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 13th March
بنگلورو، 13مارچ:بنگلورو ایف سی کی ٹیم نے انڈین سپر لیگ میں ایک اور بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے فائنل میں جگہ بنا لی ۔ سنیل چھتری کی ٹیم نے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے میں فیورٹ ممبئی سٹی ایف سی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 9-8 سے شکست دے کر خطابی کے مقابلے میں داخلہ حاصل کر لیا۔ بنگلورو نے پہلے پلے آف کے ناک آؤٹ میں کیرالہ بلاسٹرز کو شکست دے کر سب کو حیران کر دیا تھا۔
سیمی فائنل کے پہلے مرحلے میں، بنگلورو نے ممبئی سٹی کو 1-0 سے شکست دی۔ دوسرے مرحلے کا میچ بنگلورو کے کانتیویرا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ جاوی ہرنینڈز نے 22ویں منٹ میں پہلا گول کر کے بنگلورو کے لیے کھاتہ کھولا۔ لیکن 30ویں منٹ میں بپن نے ممبئی کے لیے اسکور برابر کردیا۔ ممبئی کو میچ بچانے کے لیے مزید ایک گول کی ضرورت تھی اور مہتاب نے 66ویں منٹ میں گول کر کے اسے 2-1 کر دیا۔ مکمل وقت اور اضافی وقت کے اختتام پر ممبئی 2-1 سے آگے تھا لیکن پہلے مرحلے کے اسکور کی بنیاد پر مجموعی اسکور2-2 تھا۔
اس کے بعد فاتح کا فیصلہ کرنے کے لیے پنالٹی شوٹ آؤٹ ہوا۔ دونوں ٹیمیں اپنی پہلی پانچ کوششوں میں کامیاب رہیں۔ اس کے بعد سڈن ڈیتھ کے تحت پہلی برتری حاصل کرنے والی ٹیم فاتح ہوتی ہے۔ ممبئی اور بنگلور کی ٹیمیں چھٹی، ساتویں اور آٹھویں کوشش میں بھی کامیاب رہیں۔ 9ویں کوشش میں ممبئی کے مہتاب سنگھ کے شاٹ کو بنگلورو کے تجربہ کار گول کیپر گرپریت سندھو نے روک دیا۔ اس کے بعد سندیش جھنگن نے بنگلورو کے لیے کامیاب پنالٹی لی اور بنگلورو کے کھلاڑیوں کے ساتھ تماشائیوں نے رقص کر دیا ۔
لیگ میچوں کے دوران صرف 2 میچ ہار کر ممبئی سٹی ایف سی نے اس سال پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست رہ کر شیلڈ جیتی۔ اس ٹیم کو اس بار فائنلسٹ سمجھا جا رہا تھا اور کئی ماہرین نے ممبئی کو فاتح بھی قرار دیا تھا۔ لیکن بنگلورو ایف سی نے تمام قیاس آرائیوں کو ختم کردیا۔ اب پیر کو سیمی فائنل کا دوسرا مرحلہ اے ٹی کے موہن باغان اور دفاعی چیمپئن حیدرآباد ایف سی کے درمیان کھیلا جاجانا۔ اس میں جو بھی ٹیم جیت جائے گی وہ 18 مارچ کو ہونے والے فائنل میں بنگلورو کا مقابلہ کرے گی۔

