Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 17th March
نئی دہلی،17مارچ: کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا ہے کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بیرون ملک ہندوستانیوں کی عزت کو ٹھیس نہیں پہنچائی، بلکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے خود کیا ہے اور انہیں ملک کے عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔ کھڑگے نے جمعہ کو یہاں کہا کہ مودی نے امریکہ، جنوبی کوریا اور کئی دوسرے ممالک کا دورہ کرکے ہندوستانیوں کی توہین کی ہے، اس لئے مودی کو ملک سے معافی مانگنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ ملک کا وقار بلند کیا ہے، اس لیے گاندھی کے معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کانگریس صدر نے کہا کہ مودی خود 6-7 ممالک میں گئے اور غیر ملکی سرزمین پر کہا کہ ‘ہندوستان کے لوگ کہہ رہے ہیں کہ ہم نے کیا گناہ کیا کہ ہم ہندوستان میں پیدا ہوئے’، ایسا شخص ہمیں غدار کہہ رہا ہے۔ مودی نے ہندوستان کے شہریوں کی توہین کی، آپ معافی مانگیں۔گاندھی کے بارے میں بی جے پی صدر جے پی نڈا کے ریمارکس کی سخت مذمت کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا، ’’جے پی نڈا نے جو کہا ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ وزیراعظم مودی نے چین، امریکہ اور جنوبی کوریا جا کر ہندوستان کے شہریوں کی توہین کی ہے۔ مودی کو اس کے لیے معافی مانگنی چاہیے۔ ہم سے معافی مانگنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے آزادی کی جنگ لڑی جبکہ بی جے پی کا اس میں کوئی حصہ نہیں تھا۔