Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th March
کانکیر، 20 مارچ: ضلع کے کوئلی بیڑا تھانہ علاقہ کے تحت آلپرس گاؤں کے قریب پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت سڑک کی تعمیر کے کام میں مصروف نو گاڑیوں کو نکسلیوں نے نذر آتش کر دیا۔ پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق سڑک کی تعمیر کا کام پولیس کو بتائے بغیر جاری تھا، اسی دوران نکسلیوں نے آتش زنی کی واردات کو انجام دیتے ہوئے آٹھ ٹریکٹر اور ایک جے سی بی مشین کو آگ لگا دی۔ واضح ہو کہ حال ہی میں جائے واردات سے کچھ ہی فاصلے پر چلپرس میں بی ایس ایف کا کیمپ قائم کیا گیا ہے۔موصولہ اطلاع کے مطابق آلپرس گاؤں کے قریب پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت آٹھ ٹریکٹر اور ایک جے سی بی مشین سڑک کی تعمیر کے کام میں لگی ہوئی تھی۔ اتوار کی رات نکسلیوں نے وہاں موجود مزدوروں کو یرغمال بناکر ایک ایک کرکے گاڑیوں کو آگ لگا دی ۔ا س کے بعد دیہی مزدوروں کو وارننگ دے کر انہیں چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگئے۔ نکسلی واقعہ کی اطلاع پیر کی صبح پولیس کو دی گئی۔کانکیر کے ایس پی شلبھ کمار کا کہنا ہے کہ آلپرس گاؤں میں چل رہے کام کے بارے میں پولیس کو اطلاع نہیں دی گئی تھی۔ پولیس نکسلی آتشزنی کے واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

