Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 22nd March
نئی دہلی ،22مارچ: دہلی آبکاری گھوٹالہ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 22 مارچ کو سابق نائب وزیر اعلیٰ اور عآپ لیڈر منیش سسودیا کو رائوز ایوینیو کورٹ میں پیش کیا۔ 5 دن کی ریمانڈ ختم ہونے کے بعد ای ڈی نے دوبارہ منیش سسودیا کی ریمانڈ کا مطالبہ نہیں کیا۔ اس کو پیش نظر رکھتے ہوئے رائوز ایوینیو کورٹ نے منیش سسودیا کو 5 اپریل تک کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا ہے۔سسودیا کو آج رائوز ایوینیو کورٹ کے اسپیشل جج ایم کے ناگپال کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔ سی بی آئی کے ذریعہ جانچ کی جا رہی بدعنوانی معاملے میں وہ پہلے ہی عدالتی حراست میں ہیں۔ اس کو دیکھتے ہوئے جسٹس ناگپال نے کہا کہ ’’ہم انھیں 5 اپریل تک عدالتی حراست میں بھیجیں گے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ سسودیا کو ای ڈی کی حراست میں بھیجنے کے دوران عدالت نے پہلے دیکھا تھا کہ آبکاری پالیسی کی تعمیر اور عمل درآمد میں سسودیا نے ہر اسٹیٹ میں اہم کردار نبھایا تھا اور درج کی گئی منی لانڈرنگ میں ان کی گرفتاری مناسب تھی۔واضح رہے کہ نچلی عدالت نے 27 فروری کو سسودیا کو 5 دن کے لیے سی بی ا?ئی کی حراست میں بھیج دیا تھا۔ بعد میں انھیں پھر سے مزید دو دنوں کے لیے سی بی ا?ئی کی حراست میں بھیج دیا گیا۔ 6 مارچ کو انھیں سی بی آئی معاملے میں عدالتی حراست میں بھیجا گیا تھا۔ عدالتی حراست کے دوران ہی انھیں ای ڈی نے گرفتار کیا تھا۔اس سے قبل سسودیا کو سی بی آئی نے 26 فروری کو 8 گھنٹے سے زیادہ پوچھ تاچھ کے بعد گرفتار کیا تھا۔ ایف آئی آر میں انھیں ملزم بنایا گیا تھا۔ جانچ ایجنسی کا کہنا ہے کہ 22-2021 کے لیے آبکاری پالیسی بنانے اور نافذ کرنے میں مبینہ طور پر بے ضابطگی کی گئی۔ سی بی آئی نے الزام لگایا تھا کہ سیسودیا کو گرفتار کر لیا گیا کیونکہ انھوں نے ٹال مٹول بھرے جواب دیئے اور ثبوتوں کے سامنے آنے کے باوجود جانچ میں تعاون نہیں کیا۔ اس معاملے چارج شیٹ 25 نومبر 2022 کو داخل کی گئی تھی۔