Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 23rd March
جموں، 23 مارچ :جموں و کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم جزوی طور ابر آلودہ رہا۔ جمعرات کو کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اگلے 24 گھنٹوں میں بھی موسم خشک رہنے کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شام اور رات کے اوقات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24-25 مارچ کو بالائی علاقوں میں بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ اس کے بعد 28 مارچ تک موسم بنیادی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔
اس دوران سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت 5.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کہ کل رات 4.0 ڈگری سیلسیس تھا۔ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ پہلگام میں مائنس 0.2 ، کوکرناگ میں 4.5، گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت مائنس 1.2 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ جبکہ جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 13.8 ڈگری سیلسیس، بانہال میں 4.2، بٹوت میں 6.3، کٹرا میں 11.3 اور بھدرواہ میں 4.6 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ لداخ کے لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.9 ڈگری سیلسیس اور کرگل میں منفی 1.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔