جونی بیرسٹو آئی پی ایل سے باہر، لیام لیونگسٹون دستیاب رہیں گے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 23rd March

نئی دہلی، 23مارچ : پاؤں کی انجری سے صحت یاب ہو رہے انگلینڈ کے دھماکہ خیز بلے باز جونی بیئرسٹو اپنے ملک کے کرکٹ بورڈ سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) نہ ملنے کی وجہ سے اس سال انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں نہیں کھیل سکیں گے۔ آئی پی ایل 31 مارچ سے شروع ہو رہا ہے۔
حالانکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے آل راؤنڈر لیام لیونگسٹون کو گھٹنے اور ٹخنے کی انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد اس ٹی۔20 ٹورنامنٹ میں کھیلنے کی اجازت دے دی ہے۔ آئی پی ایل نیلامی کے دوران پنجاب کنگز نے لیونگ اسٹون اور بیئرسٹو کو بالترتیب 11.50 کروڑ اور 6.75 کروڑ روپے میں خریداتھا۔
اس طرح پنجاب کنگز کے لیے جہاں بیئرسٹوکا دستیاب نہ ہونا ایک بری خبر ہے وہیں لیام لیونگسٹون کے آئندہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں شرکت اس کے لئے بلاشبہ راحت کی بات ہے۔واضح ہو کہ بیئرسٹو گولف کورس میں پھسلنے کے بعدکئی فریکچر کی وجہ سے ستمبر میں ٹی۔20 ورلڈ کپ اور پاکستان اور نیوزی لینڈ کے ٹیسٹ دورے سے محروم ہو گئے تھے۔