یوئیفا یورپین کوالیفائر: کپتان کائلان ایمباپے نے فرانس کو جیت دلائی، بیلجیئم کی جیت میں لوکاکوچمکے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 25th March

پیرس، 25مارچ :کائلان ایمباپے نے بطور کپتان اپنی شاندار فارم کو جاری رکھتے ہوئے فرانس کو یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف 4-0 کی زبردست جیت دلائی۔ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹینا سے پنالٹی شوٹ آوٹ میں ہارنے والے فرانس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ میچ میں ایمباپے نے دوگول کیے۔ انہوں نے 21ویں اور 88ویں منٹ میں گول کرکے فرانس کی بڑی جیت کو یقینی بنایا۔
اس سے قبل اینٹون گریزمین نے دوسرے ہی منٹ میں فرانس کو برتری دلا دی تھی جبکہ آٹھویں منٹ میں دیوٹ اپیمیکانو نے اس کو دگنا کردیا۔ اس میچ میں کئے گئے دو گول کے ساتھ ایمباپے اب بین الاقوامی فٹ بال میں 38 گول کر چکے ہیں اور فرانس کے لیے سب سے زیادہ گول کرنے والوں میں پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
ادھر ایک اور میچ میں بیلجیئم نے رومیلو لوکاکو کی ہیٹ ٹرک کی مدد سے سویڈن کو 3-0سے شکست دی۔ بارسلونا کے اسٹرائیکر رابرٹ لیوینڈوسکی کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ چیک ریپبلک نے پولینڈ کو 3-1 سے شکست دی۔دن کے دیگر میچوں میں آسٹریا نے آذربائیجان کو 4-1، سربیا نے لیتھوانیا کو 2-0، یونان نے جبل الطارق کو 3-0، مونٹینیگرو نے بلغاریہ کو 1-0سے شکست دی جبکہ مولڈووا اور فیرو آئس لینڈ کا میچ 1-1سے ڈرا رہا۔