Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 26th March
نئی دہلی، 27 مارچ :ویمنز پریمیئر لیگ کے پہلے سیزن کاخطاب ممبئی انڈینز کے نام رہا۔ ویمنز پریمیئر لیگ کا فائنل میچ اتوار کی رات ممبئی انڈینز اور دہلی کیپٹلز کے درمیان ممبئی کے بریبورن اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ ممبئی کی ٹیم نے دہلی کیپٹلز پرسات وکٹ سے جیت درج کی۔ ممبئی فرنچائزی کے کھاتے میں یہ چھٹی ٹرافی ہے۔ اس کی مردوں کی ٹیم آئی پی ایل میں پانچ بار چیمپئن رہ چکی ہے۔
ممبئی انڈینز نے اتوار کی رات سنسنی خیز فائنل میں دہلی کیپٹلز کو شکست دی۔ دہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 131 رن بنائے۔ جواب میں مقامی ہجوم کے سامنے ممبئی کی خواتین نے 3 گیندوں کے باقی رہتے اس ہدف کے تعاقب میں کامیابی حاصل کی۔ 19واں اوور میچ کا ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ آخری دو اوور میں 21 رنوں کی درکار تھی لیکن نٹالی سیور برنٹ نے اسپنر جانیسن کی جم کر پٹائی کرتے ہوئے 16 رن بنائے ۔ یہاں سے آخری اوور میں باآسانی پانچ رن بناتے ہوئے ممبئی انڈینز نے چیمپئن شپ جیت لی۔ ممبئی کی جیت میں نٹالی سیور برنٹ نے ناٹ آوٹ نصف سنچری (60رن)اسکور کی۔ان کے علاوہ کپتان ہرمن پریت کور نے بھی 37رنوں کی اہم اننگ کھیلی ۔دہلی کیپٹلز کی جانب سے رادھا یادو اور جیس جوناسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔
اس سے پہلے، ٹاس جیت کر بلے بازی کرنے کا انتخاب کرتے ہوئے دہلی کی شروعات بہت خراب رہی۔ شیفالی ورما دوسرے اوور میں ہی 11 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئیں۔ اس کے دو گیندوں کے بعد ایلس کیپسی بھی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئیں۔ اسی وونگ نے فل ٹاس گیند پر دونوں وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے بعد کپتان لیننگ نے جمائما روڈریگز کے ساتھ مل کر اننگ کو سنبھالا لیکن پانچویں اوور میں وونگ کے فل ٹاس پر ہی جمائما بھی نو رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔
دہلی کی ٹیم پاور پلے میں تین وکٹ گنوانے کے بعد صرف 38 رن ہی بنا سکی۔ اس کے بعد لیننگ اور مریزان کیپ کی تجربہ کار جوڑی نے 38 رن کی شراکت قائم کی تاہم کیپ 18 رن بنانے کے بعد امیلیا کیر کا شکار بن گئیں۔ اس وقت دہلی کا اسکور 73 رن تھا۔ اس کے بعد دہلی نے چھ رن پر پانچ وکٹ گنوا دیے اور ٹیم کا اسکور 15.6 اوور میں نو وکٹ پر 79 رن تھا۔
کیپ کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان لیننگ 35 پر ن پر آؤٹ ہوگئیں اور ان کے واپس جاتے ہی پوری ٹیم دباؤ میں آگئی۔ تمام بلے بازوں نے غلط شاٹس کھیل کر اپنی وکٹیں گنوائیں اور ٹیم کو مشکلات سے دوچار کر دیا۔ ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ دہلی کی ٹیم 100 رن بھی نہیں بنا پائے گی لیکن شیکھا پانڈے اور رادھا یادیو نے آخری وکٹ کے لیے 52 رن کی ناٹ آوٹ شراکت داری کرکے اپنی ٹیم کو فائٹنگ اسکور تک پہنچا دیا۔ شیکھا پانڈے نے 17 گیندوں میں 27 اور رادھا یادو نے 12 گیندوں میں 27 رن بنائے۔ دہلی کی ٹیم مقررہ 20 اوور میں نو وکٹوں کے نقصان پر 131 رن بنانے میں کامیاب رہی۔
ممبئی انڈینز کی جانب سے اسی وونگ اور ہیلی میتھیوز نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔ تاہم، وونگ نے بھی اپنے چار اوورز میں 42 رن دیے۔ اس کے ساتھ ہی میتھیوز نے چار اوور میں صرف پانچ رن دیے اور دو میڈن اوور کئے۔ وونگ نے دہلی کے ٹاپ آرڈر کو توڑ دیا، جبکہ میتھیوز نے نچلے آرڈر کو آگے بڑھا دیا۔ ان دونوں کے علاوہ امیلیا کیر نے بھی دو اہم وکٹیں حاصل کیں۔ دہلی کی کپتان لیننگ رن آؤٹ ہوئیں۔