راہل گاندھی سرکاری بنگلہ خالی کریں گے

Taasir Urdu News Network – MD. Arshad  28th March

نئی دہلی ، 28 مارچ (ہ س)۔ لوک سبھا کی رکنیت کھونے کے بعد راہل گاندھی اب اپنی سرکاری رہائش گاہ بھی خالی کرنے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں راہل گاندھی نے منگل کو لوک سبھا سکریٹری ڈاکٹر موہت رنجن کو خط لکھا ہے۔دراصل لوک سبھا ہاؤسنگ کمیٹی نے پیر کو کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو سرکاری بنگلہ خالی کرنے کا نوٹس دیا تھا۔ اسی نوٹس کا جواب دیتے ہوئے راہل نے آج کہا کہ وہ حکم کی تعمیل میں 12، تغلق لین میں واقع سرکاری بنگلہ کو بغیر کسی عذرکے خالی کر دیں گے۔لوک سبھا کے سکریٹری موہت رنجن کو لکھے خط میں راہل نے کہا’ 12 تغلق لین میں ان کے مکان کی الاٹمنٹ کی منسوخی سے متعلق آپ کے خط کے لئے آپ کا شکریہ۔ راہل نے کہا کہ وہ چار مرتبہ لوک سبھا کے رکن تھے اور 12، تغلق لین میں رہتے تھے۔ اس کے ساتھ بہت سی خوبصورت یادیں وابستہ ہیں۔ لیکن قواعد کی پیروی کرتے ہوئے وہ یہ بنگلہ خالی کر دیں گے۔قابل ذکر ہے کہ لوک سبھا ہاؤسنگ کمیٹی نے پیر کو کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کو الاٹ کردہ سرکاری بنگلہ خالی کرنے کا نوٹس بھیجا تھا۔ راہل کو بنگلہ خالی کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت دیا گیا ہے۔ راہل گاندھی کو 2004 میں لوک سبھا کے رکن منتخب ہونے کے بعد 12، تغلق لین میں بنگلہ الاٹ کیا گیا تھا۔ تب سے وہ اسی رہائش گاہ میں مقیم ہیں۔لوک سبھا سکریٹریٹ کے ڈپٹی سکریٹری ڈاکٹر موہت راجن نے پیر کو راہل گاندھی کو رہائش گاہ خالی کرنے سے متعلق نوٹس بھیجا ہے۔ اس میں لوک سبھا سکریٹریٹ کے ذریعہ جاری کردہ نوٹیفکیشن نمبر 21/4(3)/2023/ ٹی او(بی) کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ 17ویں لوک سبھا کی رکنیت سے آپ کی نااہلی/برخاستگی کے نتیجے میں 23 مارچ 2023 سے ، مجھے ہدایت کی گئی ہے کہ آپ کو بنگلہ نمبر 12، تغلق لین کو زیادہ سے زیادہ ایک ماہ یعنی 22.04.2023 تک رکھنے کی اجازت ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مکان کی الاٹمنٹ 23 اپریل 2023 سے منسوخ تصور کی جائے گی۔قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی کو سورت کی ایک عدالت نے 2019 کے ہتک عزت کے ایک مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا۔ جس کے ایک دن بعد انہیں لوک سبھا کی رکنیت سے نااہل قرار دے دیا گیا۔ رکن اسمبلی نہ ہونے کی وجہ سے اب راہل گاندھی کو اپنا سرکاری بنگلہ بھی خالی کرنا پڑے گا۔