نیوزی لینڈ نے تیسرے ون ڈے میں سری لنکا کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 31ST March

ہیملٹن، 31 مارچ : نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں 6 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز 2-0 سے جیت لی۔ سیریز کا پہلا میچ نیوزی لینڈ نے جیتا تھا جبکہ دوسرا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا تھا۔اس میچ میں سری لنکا کی ٹیم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتی ہوئی 41.3 اوورز میں 157 رن پر ڈھیر ہو گئی۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے 32.5 اوور میں 4 وکٹوں پر 159 رن بنا کر میچ جیت لیا۔ اس شکست کے ساتھ ہی سری لنکن ٹیم کی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے لیے کوالیفائی کرنے کا راستہ اب بہت مشکل ہو گیا ہے۔158 رن کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کا آغاز خراب رہا اور صرف 59رنوں کے مجموعی سکور پر چاڈ بوئز (01)، ٹام بلنڈل (04)، ڈیرل مشیل (06) اور ٹام لیتھم (08) پویلین لوٹ گئے۔ لیکن اس کے بعد ول ینگ اور ہنری نکولس نے بہترین بلے بازی سے مزید کوئی نقصان نہیں ہونے دیا اور نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے فتح دلادی۔ ینگ نے 113 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 86 اور نکولس نے 52 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 44 رن بنائے۔ ول ینگ کو شاندار اننگ کھیلنے پر مین آف دی میچ اور ہنری کو مین آف دی سریز کا ایوارڈ دیا گیا۔ سری لنکا کی طرف سے لاہیرو کمارا نے 2 اور کسن راجیتھا اور داسن شناکا نے 1-1 وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل میٹ ہینری (3-14)، ڈیرلمشیل (3-32) اور ہنری شپلی (3-32) نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جس کے بعد ہیملٹن میں تیسرے اور آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 42 اوورز میں 157 رن پر آؤٹ کر دیا۔