Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 02 MARCH
نئی دہلی ،2اپریل:آئی پی ایل 2023 کا چوتھا میچ سن رائزرز حیدرآباد اور راجستھان رائلز کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔ اس میچ میں حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے راجستھان رائلز کی جانب سے اوپننگ پر آنے والے اسٹار بلے باز جوس بٹلر نے ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے بٹلر نے پاور پلے میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے صرف 20 گیندوں پر اپنی ففٹی بنائی۔ اس ففٹی کے ساتھ بٹلر نے ایک خاص ریکارڈ بنایا اور تجربہ کار کرس گیل کے برابر پہنچ گئے۔دراصل یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بٹلر نے پاور پلے میں 50 رنز کا ہندسہ عبور کیا ہو۔ وہ یہ کارنامہ تین بار انجام دے چکے ہیں اور اس معاملے میں وہ ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل کی برابری کر چکے ہیں۔ آئی پی ایل کی تاریخ میں کرس گیل تین بار پاور پلے میں 50 رنز کا ہندسہ بھی عبور کر چکے ہیں۔ حیدرآباد کیخلاف کھیلے جارہے اس میچ میں بٹلر نے اپنی ٹیم راجستھان رائلز کے لیے 22 گیندوں میں 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی۔دوسری جانب پاور پلے میں سب سے زیادہ بار 50 رنز کا ہندسہ عبور کرنے والے بلے بازوں کی فہرست میں آسٹریلیا کے مشہور بلے باز اور اس سیزن میں دہلی کیپٹلز کے کپتان ڈیوڈ وارنر پہلے نمبر پر ہیں۔ وارنر نے آئی پی ایل کی تاریخ میں پاور پلے میں بلے بازی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 6 بار 50 رنز کا ہندسہ عبور کیا ہے۔