کولکاتہ، 03اپریل:کلکتہ ہائی کورٹ نے پیر کو مغربی بنگال حکومت سے ہاوڑہ میں رام نومی ریلی کے دوران جھڑپوں پر بدھ (5 اپریل) تک کارروائی کی رپورٹ طلب کی ہے۔ریاستی اسمبلی میں حزب اختلاف کے رہنما سویندو ادھیکاری کی طرف سے داخل کی گئی ایک عرضی پر سماعت کرتے ہوئے، جس میں واقعہ کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) سے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا، قائم مقام چیف جسٹس ٹی ایس سیواگننم اور جسٹس ہیرنمے بھٹاچاریہ کی ڈویڑن بنچ نے پولیس کو ہدایت دی کہ اب تک کی گئی گرفتاریوں کے ساتھ فوٹیج اور دیگرمناظرپررپورٹ پیش کریں۔ ذرائع نے بتایا کہ عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل ایس این مکھرجی سے یہ بھی پوچھا کہ رام نومی کے جلوس کی اجازت کیوں دی گئی جب اسی علاقے میں ماضی میںبدامنی کے واقعات پیش آئے تھے۔جمعہ کو سویندو ادھیکاری نے ایک پی آئی ایل دائر کی جس میں جمعرات کو ہاوڑہ اور شمالی دیناج پور اضلاع میں ہونے والے تشدد کے مبینہ واقعات کی این آئی اے سے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں مرکزی مسلح افواج کی تعیناتی کا بھی مطالبہ کیا تاکہ حالات کو قابو میں کیا جا سکے جبکہ ریاستی پولیس پر امن بحال کرنے میں ناکام ہونے کا الزام لگایاہے۔گزشتہ جمعہ کو ہاوڑہ کے شب پور علاقے میں تازہ تشدد کی اطلاع ملی تھی۔ اسی طرح کے تشدد کے واقعات شمالی دیناج پور ضلع کے دالکھولا میں بھی پیش آئے۔