حجاب کو قانونی درجہ حاصل ہے، جس کی خلاف ورزی جرم ہے: ایرانی صدر

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 03 MARCH

تہران ،3اپریل : ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ حجاب کو قانونی حیثیت حاصل ہے جس کی خلاف ورزی جرم ہے۔ایرانی صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشہد کی زیارت کے قریب ایک دکان پر حجاب کے بغیر دو خواتین پر دہی پھینکنے کا واقعہ سامنے آیا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔سرکاری ٹی وی پر براہِ راست نشر ہونے والے خطاب میں ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ اگر چند لوگ یہ کہتے ہیں کہ وہ حجاب پر یقین نہیں رکھتے تو بہتر ہوگا کہ انہیں قائل کیا جائے لیکن اہم نکتہ یہ ہے کہ یہ قانونی ضرورت ہیاور آج حجاب ایک قانونی معاملہ ہے۔خبر رساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق سرکاری ذرائع ابلاغ میں رپورٹ کیا گیا کہ ملک کے شمال مشرقی شہر مشہد کے اس قریبی قصبے کے عدالتی حکام نے اس مرد کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں جس نے ماں اور بیٹی کے سر پر دہی پھینک دی تھی۔علاوہ ازیں ایرانی خواتین کے لباس کے سخت ضوابط کی خلاف ورزی پر ان خواتین کے خلاف بھی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔گزشتہ سال ستمبر میں 22 سالہ کرد خاتون کو حجاب پہننے کی مبینہ پابندی کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا تھا جن کے دوران حراست ہلاکت کے بعد ملک بھر میں احتجاج شروع ہو گیا تھا۔اس کرد خاتون کی ہلاکت کے بعد سے خواتین کی بڑھتی تعداد نے حکام کے احکامات کی پرواہ نہ کرتے ہوئے حجاب لینا ترک کیا ہے جب کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سیاس عمل کو دبایا گیا۔خیال رہے کہ کرد خاتون کی پولیس کی حراست میں ہلاکت کے بعدخواتین کی بڑھتی ہوئی تعداد بغیر پردے کے ملک کے مالز، ریستورانوں، دکانوں اور گلی محلوں میں نظر آتی ہیں۔سوشل میڈیا پر دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ بغیر حجاب خواتین اخلاقیات کے نفوذ پر مامور پولیس سے الجھتی دکھائی دیتی ہیں۔