Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 03 MARCH
بنگلورو، 3 اپریل : رائل چیلنجرس بنگلور (آر سی بی) کے خلاف 8 وکٹوں کی شکست کے بعد ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ چھ آٹھ ماہ سے اسٹار تیز گیند باز جسپریت بمراہ کے بغیر کھیلنے کے عادی ہیں۔ وراٹ کوہلی کے ناقابل شکست 82 اور فاف ڈو پلیسس کے 73 رنوں کی بدولت آر سی بی نے اتوار کو ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ممبئی انڈینس کے خلاف آٹھ وکٹوں سے جیت درج کی۔
جہاں شائقین بمراہ کو ان کے منفرد باؤلنگ ایکشن کے ساتھ میدان میں واپس دیکھنے کا انتظار کر رہے ہیں، وہیں بار بار کی چوٹوں نے انہیں ٹیم سے باہر رکھا ہے۔ کمر کے چوٹ کی وجہ سے اگست میں ایشیا کپ سے باہر ہونے کے بعد سے، انہوں نے ایک سے زیادہ مرتبہ واپسی کی کوشش کی ہے۔ ابتدائی طور پر، چوٹ زیادہ نہیں لگتی تھی کیونکہ ستمبر میں اسے ہندوستان کے ٹی20 ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا اور یہاں تک کہ 23 اور 25 ستمبر کو آسٹریلیا کے خلاف آخری دو ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھی کھیلا تھا، لیکن اس کے بعد سے وہ میدان سے باہر ہیں۔ ممبئی انڈینس کی ٹیم میں بمراہ کی جگہ سندیپ واریئر کو شامل کیا گیا ہے۔ روہت نے میچ کے بعد کہا، “پچھلے چھ سے آٹھ مہینوں سے، میں جسپریت بمراہ کے بغیر کھیلنے کا عادی ہوں۔ یقیناً یہ ایک مختلف سیٹ اپ ہے، لیکن اب اپنا ہاتھ اٹھا نے اور قدم بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ہم اس پر دھیان نہیں دے سکتے۔ چوٹ ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے۔ ہم اس کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں کر سکتے۔ ٹیم کے دوسرے لوگ بھی بہت باصلاحیت ہیں۔”
ممبئی انڈینس کو سیزن کے اپنے پہلے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ان کا آغاز مثالی نہیں تھا کیونکہ انہوں نے اپنی اننگ کے آغاز میں ہی وکٹ گنوائے تھے۔ پہلا میچ ہارنے کے بعد ممبئی اپنا دوسرا میچ ہفتہ کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے خلاف کھیلے گی۔ اسی وقت، آر سی بی اپنا اگلا میچ کولکاتا نائٹ رائیڈرس (کے کے آر) کے خلاف جمعرات کو ایڈن گارڈنس، کولکاتا میں کھیلے گی۔