ٹویٹر پر پھر واپس آ بیٹھی نیلی چڑیا، ایلون مسک نے لوگو تبدیل کیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 07 APRIL

نئی دہلی، 07 اپریل : مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کا لوگو ایک بار پھر تبدیل ہو گیا ہے۔ دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ایلون مسک ٹویٹر کی کمان سنبھالنے کے بعد کئی تبدیلیاں کر چکے ہیں۔ 4 اپریل کو انہوں نے ٹوئٹر کے لوگوسے اسکے آئیکونک ‘پرندہ’ کو ہٹا کر اس کی جگہ کتے کی تصویر لگا دی تھی ، لیکن جمعہ 7 اپریل کو مسک نے ٹویٹر کے لوگو پر ایک بار پھر نیلے رنگ کا پرندہ لگا دیا ہے ۔
ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ایلون مسک نے ٹویٹر کے لوگوپر ابھی جس کتے کی تصویر لگائی گئی تھی، اسے کرپٹو کرنسی ‘ڈاج کوائن’ کے لوگو کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔ ٹویٹر پر واپس نیلے پرندے کی تصویر ڈالنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ یہ تبدیلی صرف ویب ورژن پر کی گئی تھی ، ایپ پر نہیں ۔ اب نیلے پرندے کا لوگو پھر سے ویب اور ایپ ،دونوں پر نظر آرہا ہے۔
مقبول سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر کا آغاز جولائی 2006 میں ہوا تھا۔ اس کا قیام جیک ڈورسی، نووا گلاس، ایوان ولیمز اور بز اسٹون نے کیا تھا۔ ایلون مسک نے 27 اکتوبر 2022 کو 44 بلین ڈالر میں ٹوئٹر خریدلیاتھا۔ مسک ٹویٹر کے 7500 ملازمین میں سے 50 فیصد سے زیادہ کو برطرف کر چکے ہیں۔