دھونی نے ممبئی کے کھلاڑیوں سے کی ملاقات ، ایشان کشن کے ساتھ جھارکھنڈ کنکشن

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 07 APRIL

ممبئی،7اپریل :انڈین پریمئر لیگ 2023 کا 12 واں میچ ممبئی انڈینز اور چنئی سپر کنگز کے درمیان ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ممبئی کی ٹیم چنئی کیخلاف میچ کے لیے سخت پریکٹس کر رہی ہے۔ اس دوران ایم ایس دھونی کی ٹیم سی ایس کے ممبئی پہنچ گئی ہے۔ میچ سے ایک روز قبل چنئی سپر کنگز کے کپتان ایم ایس دھونی نے ممبئی انڈینز کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دھونی کو ممبئی کے کھلاڑی ایشان کشن سے بات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ اس دوران ممبئی کے کھلاڑیوں نے دھونی کو کیک بھی کھلایا۔ممبئی پہنچنے پر سی ایس کے کے کپتان ایم ایس دھونی نے ممبئی کے کپتان روہت شرما اور دیگر کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ دھونی نے ٹریننگ سے وقفہ لیا اور ممبئی انڈینز کے ڈگ آؤٹ تک پہنچے۔ ایشان کشن اور دھونی ملاقات کے دوران ایک دوسرے سے بات کرتے نظر آئے۔ اسی دوران جڈیجہ اور ڈوین براوو نے بھی ممبئی کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس ویڈیو میں سچن تندولکر ممبئی کے کپتان روہت شرما کو بیٹنگ کی خصوصی ٹپس دیتے نظر آئے۔ مجموعی طور پر ممبئی انڈینز نے چنئی سپر کنگز کے خلاف میچ کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔ممبئی انڈینز کو اپنے افتتاحی میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 2 اپریل کو بنگلورو میں کھیلے گئے میچ میں آر سی بی نے 8 وکٹوں سے شکست دی۔ روہت شرما کی ٹیم ممبئی انڈینز نے پہلے کھیلتے ہوئے 7 وکٹوں پر 171 رنز بنائے۔ آر سی بی نے جیت کے لیے 172 رنز کا ہدف 22 گیندیں باقی رہ کر 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ بنگلور کی جانب سے فاف ڈو پلیسس اور وراٹ کوہلی نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی تھی، جب کہ ممبئی کی جانب سے تلک ورما نے ناٹ آؤٹ 84 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔