تلنگانہ حکومت کے خوابوں کو پورا کرنے کیلئےحکومت پرعزم: مودی

Taasir Urdu News Network – MD. ARSHAD 09 APRIL

سکندرآباد/ نئی دہلی، 08 اپریل (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی کو ہندوستان کی مجموعی ترقی کے لیے اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی این ڈی اے حکومت ریاست کے عوام کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ مرکزی حکومت اسے اپنا فرض سمجھتی ہے۔وزیر اعظم جو جنوبی ہندوستان کے دو روزہ تین ریاستی دورے پر حیدرآباد پہنچے تھے، آج تلنگانہ میں 11,300 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔ اس دوران انہوں نے سکندرآباد-تروپتی وندے بھارت ایکسپریس کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نے جلسہ عام سے خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس بھروسہ مند، جدیدیت، ٹیکنالوجی اور سیاحت کو جوڑنے جا رہی ہے۔ نیز 11,000 کروڑ روپے کے ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنا آج تلنگانہ کے لیے ایک خاص دن ہے۔ یہ پروجیکٹ ریاست میں کنیکٹیویٹی کو فروغ دیں گے اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک بھر میں ریلوے کو جدید بنانے کی کوششوں کا فائدہ اٹھا رہا ہے۔وزیر اعظم نے مرکزی پروجیکٹوں میں ریاستی حکومت کے عدم تعاون پر افسوس کا اظہار کیا جس سے تلنگانہ کے عوام کے خواب متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ریاستی حکومت سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تلنگانہ کے عوام کے لئے بنائی جارہی اسکیموں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہونے دیں۔کرپشن اور اقربا پروری کو جمہوریت کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ‘اقربا پروری اور ‘کرپشن مختلف نہیں ہیں۔ جہاں فیملیزم ہو وہاں کرپشن بڑھنے لگتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر لوگ ‘پریوارواد کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ‘خاندانی حکومت تلنگانہ میں غریبوں کو دیئے جانے والے راشن کو بھی لوٹ رہی ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ مرکز کی این ڈی اے حکومت تلنگانہ اور اس کے عوام کی ترقی کے خوابوں کو پورا کرنا اپنا فرض سمجھتی ہے۔ ہم ‘سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس کے ماڈل کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 9 سالوں کے دوران حیدرآباد میں تقریباً 70 کیلو میٹر کا میٹرو نیٹ ورک بنایا گیا ہے۔ حیدرآباد میں ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سسٹم (ایم ایم ٹی ایس) پروجیکٹ پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ ایم ایم ٹی ایس کی تیزی سے توسیع کے لیے اس سال کے مرکزی بجٹ میں تلنگانہ کے لیے 600 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریلوے کے ساتھ ساتھ تلنگانہ میں ہائی ویز کا جال بھی تیزی سے تیار کیا جا رہا ہے۔ مرکزی حکومت کی مسلسل کوششوں سے آج تلنگانہ میں قومی شاہراہوں کی لمبائی دوگنی ہوگئی ہے۔ سال 2014 میں یہاں تقریباً 2500 کلومیٹر طویل قومی شاہراہ تھی جو آج بڑھ کر 5000 کلومیٹر ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت بھی تلنگانہ کی ترقی کے لیے 60,000 کروڑ روپے کے سڑک پراجکٹس پر کام جاری ہے جس میں ‘گیم چینجر حیدرآباد رنگ روڈ بھی شامل ہے۔